وزیر خزانہ اثاثہ جات ریفرنس میں اچانک احتساب عدالت میں پیش ہوگئے،

عدالت کاملزم کو گرفتار کرکے پیش نہ کرنے پر اظہار برہمی ، اسحاق ڈارکو50لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم عدالت نے اسحاق ڈار کو فرد جرم عائد کرنے کیلئے 27ستمبر کو دوبارہ طلب کرلیا ،آئندہ کیس کی سماعت روزانہ کی بنیاد پر ہوگی گرفتاری کے لئے ملزم کی اسلام آباد اور لاہور کی رہائش گاہوں پر چھاپے مارے گئے لیکن وہ موجود نہیں تھے، نیب پراسیکیوٹر کا بیان

پیر 25 ستمبر 2017 12:08

وزیر خزانہ اثاثہ جات ریفرنس میں اچانک احتساب عدالت میں پیش ہوگئے،
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 ستمبر2017ء) وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار اثاثہ جات ریفرنس میں اچانک احتساب عدالت میں پیش ہوگئے عدالت نے ملزم کو گرفتار کرکے پیش نہ کرنے پر اظہار برہمی کرتے ہوئے سینیٹر اسحاق ڈار کو پچاس لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا اور 27ستمبر کو سینیٹر اسحاق ڈار پر فرد جرم عائد کرنے کے لئے انہیں دوبارہ طلب کرلیا۔

27ستمبر سے کیس کی سماعت روزانہ کی بنیاد پر ہوگی۔ پیر کو اسلام آباد احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف اثاثہ جات ریفرنس کی سماعت کی۔ کیس کی سماعت شروع ہونے سے قبل ہی وزیر خزانہ اسحاق ڈار اپنے وکیل امجد پرویز کے ہمراہ کمرہ عدالت میں موجود تھے۔ سماعت کے دوران نیب کے پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ ملزم کی گرفتاری کے لئے ان کی اسلام آباد اور لاہور کی رہائش گاہوں پر چھاپے مارے گئے لیکن وہ موجود نہیں تھے آج ملزم اچانک عدالت میں پیش ہوئے جس پر احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ ملزم کو گرفتار کرکے پیش کیوں نہیں کیا۔

(جاری ہے)

اسحاق ڈار کی جانب سے عدالت میں دس لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرائے گئے عدالت میں اسحاق ڈار کی حاضری لگائی گئی۔ عدالت نے وزیر خزانہ کو حاضری یقینی بنانے کے لئے پچاس لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا۔ اسحاق ڈار کے وکیل کی جانب سے ریفرنس کی نقول فراہم کرنے کی استدعا پر عدالت نے مکمل ریفرنس کی کاپیاں ملزم کو فراہم کرنے کا حکم دیا جو 23والیم پر مشتمل ہے۔

عدالت نے کہا کہ 27ستمبر کو ملزم پر فرد جرم عائد کرنے کی کارروائی کا آغاز کیا جائے گا جس کے بعد کیس کی سماعت روزانہ کی بنیاد پر ہوگی۔ جس پر اسحاق ڈار کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ کیس کی سماعت ایک ہفتے کے لئے ملتوی کی جائے تاکہ ریفرنس کا تفصیلی مطالعہ کیا جاسکے۔ سات دن کے اندر مکمل ریفرنس کا مطالعہ مشکل کام ہے۔ عدالت نے اسحاق ڈار کے وکیل کی استدعا مسترد کردی۔ نیب کے پراسیکیوٹر نے عدالت سے استدعا کی کہ ملزم کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے جائیں عدالت نے نیب کی یہ استدعا مسترد کردی اور ملزم کو عدالت میں حاضری یقینی بنانے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی سماعت 27ستمبر تک ملتوی کردی۔