اسحاق ڈار کی احتساب عدالت میں پیشی‘10لاکھ کے ضمانتی مچلکے جمع کروادیئے

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 25 ستمبر 2017 11:13

اسحاق ڈار کی احتساب عدالت میں پیشی‘10لاکھ کے ضمانتی مچلکے جمع کروادیئے
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔25 ستمبر۔2017ء) پاناما پیپرز کیس کے فیصلے میں سپریم کورٹ کی ہدایات کی روشنی میں قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے دائر ریفرنس کے سلسلے میں وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار احتساب عدالت میں پیش ہو گئے ہیں۔اسلام آباد کی احتساب عدالت میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف اپنی آمدن سے زائد اثاثے بنانے سے متعلق نیب ریفرنس کی سماعت ہوئی۔

اس موقع پر وزیر مملکت برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی انوشہ رحما اور بیرسٹر ظفر اللہ بھی اسحٰق ڈار کے ہمراہ موجود تھے۔ احتساب عدالت نے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے تھے تاہم آج انہوں نے عدالت میں 10 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرادیئے ہیں۔عدالت نے سماعت 27 ستمبر تک ملتوی کرتے ہوئے اسحاق ڈار کو دوبارہ طلب کرلیا اور امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ وزیر خزانہ پر اسی روز فردِ جرم عائد کی جا سکتی ہے۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف اپنی آمدن سے زائد اثاثے رکھنے کے حوالے سے احتساب عدالت میں ریفرنس دائر کیا گیا تھا۔اسحاق ڈار کے خلاف دائر ریفرنس میں دفعہ 14 سی لگائی گئی ہے، یہ دفعہ آمدن سے زائد اثاثے رکھنے سے متعلق ہے، جس کی تصدیق ہونے کے بعد 14 سال قید کی سزا ہوسکتی ہے۔دوسری جانب سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ نے اسحاق ڈار سے وزارت سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہیں ملک کو مزید بدنام کرنے سے قبل اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دینا چاہیے۔

متعلقہ عنوان :