سابق وزیراعظم نوازشریف وطن واپس پہنچ گئے-جنہوں نے فیصلہ دیا ‘اپیل بھی انہوں نے ہی سنی اور نگران جج بھی وہی بن گئے‘یہ کیسا احتساب ہے-نوازشریف کی صحافیوں سے گفتگو

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 25 ستمبر 2017 11:04

سابق وزیراعظم نوازشریف وطن واپس پہنچ گئے-جنہوں نے فیصلہ دیا ‘اپیل ..
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔25 ستمبر۔2017ء) سابق وزیراعظم نواز شریف پیر کی صبح لندن سے پاکستان واپس پہنچ گئے ہیں۔ ایئرپورٹ پر نوازشریف کی آمد کے پیش نظرسیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے -لندن سے پاکستان کے لیے روانہ ہونے سے قبل صحافیوںسے گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ انہوں نے کوئی کرپشن نہیں کی بات اگر پاناما کی تھی تو انہیں اقامہ پر کیوں نکالا گیا۔

اپنی نااہلی کے فیصلے پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فیصلہ بھی انہوں نے دیا اپیل بھی انہوں نے ہی سنی اور نگران جج بھی وہی بن گئے یہ کیسا احتساب ہے؟نوازشریف نے کہا کہ وہ اپنی اہلیہ کی تیمار داری کے لیے لندن آئے تھے اور ان کا یہیں رہنے اور پاکستان واپس نہ جانے کا کوئی ارادہ نہیں تھا۔

(جاری ہے)

نواز شریف پی آئی اے کی پرواز پی کے 786 سے لندن سے وطن واپس آئے‘وطن واپسی پر خوشگوار موڈ میں نظر آئے، ایئرپورٹ سے وہ پنجاب ہاﺅس کے لیے روانہ ہوئے-پنجاب ہاﺅس میں نوازشریف نے سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق، پرویز رشید ، وزیرریلوے خواجہ سعد رفیق اور دیگر پارٹی راہنماﺅں سے ملاقات کی۔

سینیٹر مشاہد اللہ نے کہا کہ پارٹی کسی قسم کی سازش کا شکارنہیں ،سپریم کورٹ کا فیصلہ تسلیم کرنے باوجود تحفظات برقرار ہیں۔ذرائع کے مطابق نوازشریف کل احتساب عدالت میں پیش ہوں گے اور اہم پریس کانفرنس بھی کریں گے۔ قبل ازیںنواز شریف کے لندن سے اسلام آباد پہنچے پر سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق، وزیر ریلوے سعد رفیق، طارق فضل چوہدری، مشاہد اللہ، انوشہ رحمان، خرم دستگیر، پرویز رشید، میئر اسلام آباد انصر عزیز اور طلال چوہدری نے ان کا استقبال کیا۔

سابق وزیر اعظم کے استقبال کے لیے مسلم لیگ(ن) کے کارکنوں کی بڑی تعداد بھی ایئرپورٹ کے باہر موجود تھی۔ قبل ازیںلندن ہیتھرو ایئرپورٹ پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے نوازشریف نے کہا کہ ہم نے کوئی کرپشن نہیں کی، سرکاری پیسا نہیں کھایا، بار بار کہا کرپشن، کک بیک یا کمیشن کا کیس نہیں۔ ذرائع کے مطابق نواز شریف آج پنجاب ہاﺅس میں مصروف دن گزاریں گے جہاں قانونی ماہرین کی ٹیم کچھ دیر بعد نواز شریف سے ملاقات کرے گی جس میں 26 ستمبر کواحتساب عدالت میں پیشی کے حوالے سے مشاورت کی جائے گی، اس کے علاوہ آج پنجاب ہاو¿س میں ہونے والے اجلاس میں احتساب ریفرینسز کے حوالے سے تمام قانونی اور آئینی پہلوﺅں پر بھی غورکیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی سنیئر قیادت بھی آج نواز شریف کے ساتھ ملاقات کرے گی جس میں ملک کی اہم مجموعی سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا جب کہ اجلاس میں سینیٹ سے منظور آئینی ترمیم کے بعد پارٹی صدارت کا معاملہ بھی زیرغورآئے گا۔خیال رہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف اور ان کے بچوں حسن اور حسین نواز کی گرفتاری کے وارنٹ جاری کرنے کی زبانی درخواست مسترد کرتے ہوئے انھیں 26 ستمبر کو عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا تھا۔

متعلقہ عنوان :