10 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والاعالمی معیار کا سینتھیٹک اتھلیٹکس ٹریک کھلاڑیوں کیلئے بڑی نعمت ہے ، رانا ثناء الله خاں

پیر 25 ستمبر 2017 00:20

فیصل آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 ستمبر2017ء)صوبائی وزیر قانون رانا ثناء الله خاںنے کہا ہے کہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز کی خصوصی منظوری سے 10 کروڑ روپے کی لاگت سے عالمی معیار کا سینتھیٹک اتھلیٹکس ٹریک کی تکمیل سپورٹس کے شعبہ میں گرانقدر منصوبہ اور کھلاڑیوں کے لئے بڑی نعمت ہے جس کی بدولت یہاں سے بین الاقوامی سطح کے باصلاحیت کھلاڑی ابھریں گے ۔

انہوں نے یہ بات شہباز شریف سپورٹس سٹیڈیم و پارک میںسینتھیٹک اتھلیٹکس ٹریک پر پہلی پنجاب انٹر ڈویژنل اتھلیٹکس چمپیئن شپ ( بوائز اینڈ گرلز ) میں اتھلیٹکس کے مختلف مقابلوں کے پوزیشن ہولڈرز کھلاڑیوںمیں میڈلز ‘ سرٹیفکیٹس اور نقد انعامات تقسیم کرتے ہوئے کہی۔ ڈپٹی کمشنر سلمان غنی ‘ ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر رانا حماد اقبال ‘ یونین کونسلز کے چیئرمین میاں عبدالرشید ‘ سلیم جٹ کے علاوہ رانا محمد الیاس ‘دیگر عمائدین علاقہ اور بڑی تعداد میں شائقین کھیل بھی اس موقع پر موجود تھے ۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر قانون نے کہا کہ جھنگ روڈ پر فردوس کالونی میں اربوں روپے مالیت کی 124 کینال اراضی پر قائم کیا گیا سپورٹس سٹیڈیم و پارک وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی طرف سے شہریوں کے لئے بہترین ترقیاتی تحفہ ہے جو کہ اقبال سٹیڈیم اور ہاکی سٹیڈیم کے بعد شہر میں تیسرے سٹیڈیم کا شاندار اضافہ ہے جس کی تکمیل سے علاقہ کے لوگوں کو سیر و تفریح کے علاوہ کھلاڑیوں کو کھیلوں کی وسیع سہولیات حاصل ہوئی ہیں ۔

انہوں نے بتایا کہ اس سٹیڈیم میں تعمیر کئے گئے ہیں یوتھ ہاسٹلز سے دیگر شہروں سے آنے والی کھیلوں کی ٹیمیں کو رہائش کی معیاری سہولتیں حاصل ہونگی ۔صوبائی وزیر قانون نے سینتھیٹک اتھلیٹکس ٹریک پر ڈویژنل سطح کی افتتاحی چمپیئن شپ کے کامیاب انعقاد کو سراہتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے تمام ڈویژن سے کھلاڑی لڑکوں اور لڑکیوں کی بھر پور شرکت انتہائی خوش آئند ہے جنہیں عالمی معیار کے اس ٹریک پر کھیلتے ہوئے بے حد خوشی ہوئی ہے جس کے لئے فیصل آباد کے شہری مبارکباد کے مستحق ہیں ۔

انہوں نے چمپیئن شپ کے شرکاء کھلاڑیوں کی صلاحتیوں کو داد دیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر اور ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر سے کہا کہ اس ٹریک کی دیکھ بھال اورحفاظت کویقینی بناتے ہوئے مختلف سطح کے مقابلوں کے انعقاد کا سلسلہ جاری رکھا جائے تاکہ کھلاڑی اپنی نوعیت کے منفرد اور نایاب ٹریک سے بھر پور استفاد کر سکیں ۔ صوبائی وزیر نے علاقہ کے لوگوں سے ملاقات کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف سپورٹس سٹیڈیم سے نہ صرف کھلیوں کی وسیع سہولیات میسر آئی ہیں بلکہ اس گرانقدر ترقیاتی منصوبے سے علاقے کی قدر و قیمت میں بھی اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کھیلوں کی ترویج و ترقی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اس سلسلے میں پلے گرائونڈز اور سپورٹس سٹیڈیمز کے قیام کے متعدد منصوبوں پر عمل پیرا ہیں ۔ انہوںنے کہا کہ یونین کونسل کی سطح پر سپورٹس گرائونڈز مہیا کریں گے تاکہ نوجوانوں کوان کے گھروںکے قریب کھیلوں کے میدان میسر آسکیں ۔ ڈپٹی کمشنر سلمان غنی نے شہباز شریف سپورٹس سٹیڈیم اور یوتھ ہاسٹل کے منصوبے کے بارے میں بریفنگ دی اور بتایا کہ ڈسٹرکٹ سپورٹس کمیٹی کے زیراہتمام انٹر ڈویژنل اتھلیٹکس چمپیئن شپ کا انعقاد کرکے عالمی معیار کے اس سینتھیٹک ٹریک کا افتتاح کردیاگیا ہے جو کھلاڑیوں کے استفادہ کے لئے میسر رہے گا ۔

اس چمپیئن شپ میں 4X100 میٹر ریلے ریس میں فیصل آباد ڈویژن نے پہلی ‘ ملتان نے دوسری اور سرگودھا نے تیسری پوزیشن حاصل کی جبکہ ٹرپل جمپ میں فیصل آباد کے کھلاڑی پہلے اور دوسرے نمبر پر رہے اور ملتان کے کھلاڑی نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ جیولین تھرو میں فیصل آباد کی پہلی اور دوسری پوزیشن اورملتان کی تیسری پوزیشن رہی اس طرح شاپ پٹ میںفیصل آباد نے پہلی اور تیسری پوزیشن حاصل کی سرگودھاڈویژن دوسری پوزیشن حاصل کر سکا ۔