ْخضدار میں گردے کے مریضوں کی ایک اہم مشکل حل ، ڈائلائسز سسٹم نے خضدار میں کام شروع کردیا

اتوار 24 ستمبر 2017 22:50

کوئٹہ۔23 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 ستمبر2017ء)خضدار میں گردے کے مریضوں کی ایک اہم مشکل حل ، ڈائلائسز سسٹم نے خضدار میں کام شروع کردیا ، کمشنر قلات ڈویژن ،ڈپٹی کمشنر خضدار ،ایڈیشنل کمشنرقلات ڈویژن، اسسٹنٹ کمشنر خضدار، اور پیرامیڈیکس کی دلچسپی سے گردے کے مریضوں کو یہ سہولت مل گئی تفصیلات کے مطابق ضلع خضدار میں گردے کی مریضوں کی ایک بہت بڑی تعداد ہے جن کو ڈائلاسز کرنے کے لئے کراچی یا کوئٹہ سے جانا پڑتا تھا ،ان مریضوں کی اکثریت غریب گھرانوں سے تعلق رکھتی تھی جن کے پاس علاج اور سفر کرنے کی مطلوبہ رقم میسر نہیں تھی ، خضدار میں ڈائلاسز کرنے کی مشینری کافی عرصہ سے آئی ہوئی تھی ، جب کہ ڈائلائسز مشینری استعمال کرنے والے ہنر مند پرامیڈیکس بھی موجود تھے ، تاہم متعلقہ مریض اس سہولت سے محروم تھے ۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے شہریوں نے ڈائلاسز مشینری نصب کرنے اور اس سہولت کا خضدار میں آغاز کرنے کا بھی مطالبہ کیا تھا ۔شہریوں نے پیرامیڈیکل اسٹاف ایسوسی ایشن کے ساتھ ملکر اس اہم سہولت کو مریضوں کو فراہم کرنے کے لئے انتظامیہ کی توجہ مبذول کرانے کے لئے کوششیں شروع کردیں ،جس کے بعد ڈائلاسز سسٹم کے لئے ٹیچنگ ہسپتال خضدار میں جگہ مختص کرنے اور اس کو فعال بنانے کے لئے انتظامیہ نے دلچسپی لی ، کمشنر قلات ڈویژن محمد ہاشم غلزئی ، ڈپٹی کمشنر خضدار حاجی سہیل الرحمن بلوچ ، ایڈیشنل کمشنر میجر (ر) اورنگزیب بادینی ، اسسٹنٹ کمشنر خضدار جمعداد خان مندوخیل نے از خود اپنی کوششیں بروئے کار لائے ، اور ان کی کوششوں کے نتیجے میں خضدار میں ڈائلاسز سسٹم کو نصب کردیا گیا ، اس سسٹم کے لگنے کے بعد اب غریب مریضوں کو خضدار سے باہر شہروں میں جانے کی بجائے خضدار ٹیچنگ ہسپتال سے ہی ڈائلاسزکرنے کی سہولت میسر آرہی ہے ۔

یہ اہم سہولت ملنے پر گردے کے مریضوں نے نہ صرف سکھ کا سانس لیا ہے ، بلکہ اب انہیں خطیر رقم اور وقت خرچ کرکے دوسرے شہروں میں جانے کی ضرورت بھی نہیں پڑھ رہی ہے ۔جب کہ خضدار کے شہریوں نے ٹیچنگ ہسپتال میں اس اہم سہولت کی دستیابی پر پیرامیڈیکس اور انتظامیہ کے تمام ذمہ داروں سے اظہار تشکر کیا ہے کہ ان کی یہ خدمت یہاں کے مریضوں کے لئے بارش کے پہلے قطرے کی مانند ہے اس خدمت پر محنت کرنے اور دلچسپی لینے والے تمام ذمہ دار وں کو اللہ تعالیٰ اجر عظیم نصیب فرمائے گا ۔