صوبائی حکومت زراعت کے شعبے کو بہتر بنانے کیلئے ٹھوس اقدامات کررہی ہے ،سیکرٹری زراعت عبدالرحمن بزدار

اتوار 24 ستمبر 2017 22:50

کوئٹہ۔23 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 ستمبر2017ء) سیکرٹری زراعت بلوچستان عبدالرحمن بزدار نے کہاہے کہ صوبائی حکومت زراعت کے شعبے کو مزید بہتر بنانے کیلئے ٹھوس اقدامات کررہی ہے۔ صوبے میں عوام کا ذرائع معاش زیادہ تر زراعت ہی سے وابستہ ہے۔ زمینداروں کے مسائل کا خاتمہ ہماری ذمہ داری ہے۔ زراعت کے شعبے سمیت زمینداروں کے حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرینگے ۔

زرعی ٹیوب ویلوں اور سولر سسٹم نظام سے زمینداروں کے مسائل حل ہونگے۔ علاقے کے زمینداروں کو زراعت کے حوالے سے سمینارز اور ٹریننگ کے انعقاد سے بہت سے کچھ سیکھنے کو ملے گا۔ زراعت کے شعبے میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ڈسٹرکٹ پشین کے مختلف علاقے تحصیل بوستان ،یارو اور تورشاہ کے دورے کے موقع پر ڈائریکٹر واٹر منیجمنٹ ہاشم بلوچ ڈائریکٹر زراعت کلیم جعفر ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت ان فارم واٹر منیجمنٹ انور عادل ترین ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت ایکسٹینشن فیض اللہ شاہ اور دیگر کے ہمراہ زمینداروں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے زراعت ان فارم واٹر منیجمنٹ کے اسکیمات جن میں مختلف بور ،پی وی سی پائپ لائنز،زراعی ٹیوب ویلز سولر سٹٹم کا تفصیلی معائنہ کیا اور جاری ترقیاتی کاموں کو تیزی سے مکمل کرنے کی ہدایت کی ۔