محرم الحرام کے دوران عزاء داروں اورزائرین کو سہولتیں فراہم کرنے کیلئے بہترین انتظامات کئے گئے ہیں ،ڈپٹی کمشنر حیدرآباد

صحت وصفائی کی صورتحال بہتربنانے کیلئے میئرسید طیب حسین ،میونسپل کمشنر شاہد علی خان سے مسلسل رابطے میں ہیں

اتوار 24 ستمبر 2017 21:51

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 ستمبر2017ء) ڈپٹی کمشنر حیدرآباد محمد سلیم راجپوت نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے دوران عزاء داروں اورزائرین کو سہولتیں فراہم کرنے کے لئے بہترین انتظامات کئے گئے ہیں ، صحت وصفائی کی صورتحال بہتربنانے کے لئے میئرسید طیب حسین ،میونسپل کمشنر شاہد علی خان سے مسلسل رابطے میں ہیں ، اسسٹنٹ کمشنر ز ،مختیارکارمجالس ،جلوس اورامام بارگاہوں میں اپنی موجودگی یقینی بنائیں ،غفلت اورلاپرواہی برتنے والوں کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر محمد سلیم راجپوت کی زیرصدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں سپرنٹنڈنٹ انجینئر حیسکو محمد اکبردارنی، منیجنگ ڈائریکٹر واسا سلیم ،میونسپل کمشنر شاہد علی خان،حیسکو افسران ،اسسٹنٹ کمشنرز اوردیگر متعلقہ اداروں کے افسران نے شرکت کی ،اجلاس سے خطاب میں ڈی سی محمد سلیم راجپوت نے کہاکہ ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن کی طرف سے محرم الحرام کے دوران عزاء داروں اورزائرین کو سہولتیں فراہم کرنے کے لئے بہترین انتظامات کئے گئے ہیں جبکہ ماتمی جلوسوں کی گرزگاہوں پر ترقیاتی کام تیزی سے جاری ہیں جو تقریبا مکمل کیاجاچکا ہے ، صحت وصفائی کی صورتحال بہتر بنانے کے لئے میئرحیدرآباد سید طیب حسین اورمیونسپل کارپوریشن کے افسران سے مسلسل رابطے میں ہیںجن کی نگرانی میں صفائی اورمختلف علاقوں میں کچرے کے ڈھیروں کو بھی اٹھانے کا کام تیزی سے جاری ہے،انہوں نے کہاکہ ایس ایس پی حیدرآباد پیر محمد شاہ اوررینجرزحکام کی طرف فول پروف سیکورٹی پلان تشکیل دیاگیا ہے جس پرکامیابی سے عملدرآمد جاری ہے،ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ کنٹونمنٹ بورڈ کے سی ای او رانا خاور افتخار اورمیونسپل چیئرمین قاسم آباد کاشف شورو اوران کی ٹیم کی طرف سے بھی محرم الحرام کے سلسلے میں بھرپورانتظامات کئے گئے ہیں اورزائرین اورعزاء داروں کو ہرممکن سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں ، انہوں نے اجلاس کو بتایا کہ ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کرکے ڈاکٹرز،پیرامیڈیکل اسٹاف اوردیگرعملے کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں ،سرکاری اوربعض نجی ہسپتالوں کی انتظامیہ سے رابطے کرکے سرکاری اورنجی ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے اورماتمی جلوسوں کے دوران خون کی بوتلوں کا بھی انتظام کرلیاگیا ہے ،ڈی سی نے اسسٹنٹ کمشنرزاورمختیاروں کو ہدایت کی کہ مرکزی ماتمی جلوسوں اورمجالس کے دوران وہ اپنی موجودگی یقینی بنائیں ،غفلت اورلاپرواہی برتنے والے افسران کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی ، بعدازاں ڈپٹی کمشنر محمدسلیم راجپوت نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹوشکیل ابڑو،میونسپل کمشنر شاہد علی خان سمیت حیسکو،ہیلتھ ،پولیس ،ورکس اوردیگر متعلقہ اداروں کے افسران کے ساتھ شہر کی مختلف امام بارگاہوں اورماتمی جلوسوں کی گزرگاہوں کا دورہ کیا۔

متعلقہ عنوان :