نئے الیکشن اپنے مقررہ شیڈول کے مطابق 2018میں ہی ہونگے ،سردار یعقوب خان ناصر

عمران خان کی خواہش یا مطالبے پر جمہوریت کو ڈی ریل نہیں کیاجاسکتا ہے،نواز شریف کی ملک آمد خوش آئند ہے ،خصوصی بات چیت

اتوار 24 ستمبر 2017 21:50

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 ستمبر2017ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی قائم مقام صدر سینیٹر سرداریعقوب خان ناصر نے عمران خان کے قبل ازوقت انتخابات کرانے کے مطالبے کو مسترد کرتے ہوئے کہاہے کہ نئے الیکشن اپنے مقررہ شیڈول کے مطابق 2018میں ہی ہونگے انکی خواہش یا مطالبے پر جمہوریت کو ڈی ریل نہیں کیاجاسکتا ہے سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کی وطن واپسی کارکنوںکی دلوں کی آواز اور بروقت درست فیصلہ ہے یہ بات انہوں نے اتوار کے روز این این آئی سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کہی ۔

(جاری ہے)

سینیٹر سردار یعقوب خان ناصر نے کہاکہ عمران خان 2013سے مسلسل نئے الیکشن لاک ڈائون ،دھرنوں ،حکومت سے مستعفی ہونے کے مطالبے کررہے ہیں جس کو تمام سیاسی وجمہوری قوتوں نے مسترد کرکے آئین ،جمہوریت اور پارلیمنٹ کا ہرموڑ پر ساتھ دیا ہے عمران خان کے ہاتھ میں وزیراعظم بننے کی لکیر نہیں وہ غیر سنجیدہ شخص اور غیر ضروری آدمی ہے جس سے اپنا گھر بھی نہیں سنبھالا جارہا ہے ملک تو دور کی بات ہے ۔سردار یعقوب خان ناصر نے مزید کہاکہ سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف اور مسلم لیگ (ن) لازم وملزوم ہیں ان کی وطن واپسی خوش آئنداو رکارکنوں کے دلوں کی آواز ہے ۔