شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنانے کیلئے پولیس کے افسران و جوان پوری طرح چوکس ہیں ،آرپی اوگوجرانوالہ

اتوار 24 ستمبر 2017 21:50

گوجرانوالہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 ستمبر2017ء) ریجنل پولیس آفیسر سلطان احمد تیموری نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنانے او ر امن و امان برقرار رکھنے کیلئے پولیس کے افسران و جوان پوری طرح چوکس ہیں اور اپنے فرائض کی ادائیگی کیلئے دن رات کام کررہے ہیں اور کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

کمشنر گوجرانوالہ کیپٹن (ر) محمد آصف نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کیلئے علما ء کرام اور امن کمیٹی کے ممبران کا کردار نہایت اہم ہے، انتظامیہ اور قانون نافذ کرنیوالے ادارے لاء اینڈ آرڈر برقرار رکھنے کیلئے مستعدی سے اپنا کردار ادا کررہے ہیں ، ان خیالا ت کا اظہار انہوںنے سیالکوٹ میں اجلاس سے خطاب اور مرکزی امام بارگاہ اڈہ پسروریاں میں مرکزی جلوس کے روٹ کے معائنہ کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ ڈاکٹر فرخ نوید، ڈی پی او اسد سرفراز،اراکین صوبائی اسمبلی، انجمن اثناء عشریہ کے راہنما ، کنونئیر ضلعی امن کمیٹی چوہدری مبشر، احسان الہی ، اے ڈی سی میثم عباس ، اے سی سیالکوٹ شاہد عباس ، انچارج سیکورٹی اعجاز احمد بھی انکے ہمراہ تھے۔ کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن کیپٹن (ر) محمد آصف نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ، پولیس نے ضلعی امن کمیٹی کے ممبران اور منتظمین مجالس سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے محرم پلان مرتب کیا ہے جس پر جامع انداز میںعمل درآمد جاری ہے، اجتماعی مفاد میں بعض علما کی زبان بندی کی گئی ہے تاہم اگر کسی کو اعتراض ہے تو ڈپٹی کمشنر کے فیصلہ کے خلاف ہوم ڈیپارٹمنٹ سے رجوع کیا جاسکتا ہے ۔

انہوںنے واضع کیا کہ ماضی میں جن مقامات پر مختلف ایشوز سامنے آئے ہیں ، رواں سال ماضی جیسے واقعات روکنے کیلئے بروقت اقدامات کی ہدایت کی جاچکی ہے اور کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن نے ہدایت کی کہ ضلعی انتظامیہ، پولیس، میونسپل کارپوریشن محرم الحرام کے حوالے سے اپنی ذمہ داریاں چوکس رہ کر سرانجام دیں۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ ڈاکٹر فرخ نوید، ڈی پی او اسد سرفراز نے کمشنر گوجرانوالہ اور آر پی او کومحرم الحرام کے حوالہ سے سیکیورٹی انتظامات پر بریفنگ دی۔

متعلقہ عنوان :