گوجرانوالہ میں انفراسٹرکچر اورتعلیم و صحت کے شعبوں میں نمایاں تبدیلی آچکی ہے،وفاقی وزیر دفاع خرم دستگیر خان

اتوار 24 ستمبر 2017 21:50

گوجرانوالہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 ستمبر2017ء) وفاقی وزیر دفاع انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ محمد شہباز شریف کی خصوصی توجہ کی بدولت گوجرانوالہ میں انفراسٹرکچر ،تعلیم و صحت کے شعبوں میں نمایاں تبدیلی آچکی ہے،سچی نیت والی قیادت کی سخت محنت کی وجہ سے شہر کی پسماندگی کی جگہ اب ترقی نے لے لی ہے ، ملک کاپانچوں بڑا شہر ہونے کی وجہ سے سالڈ ویسٹ اور واسا سے متعلقہ مسائل کے حل کے لئے مستقل محنت درکار ہے ، حکومت عوام کو یہ احساس دلانا چاہتی ہے کہ ترقی چل کر انکی دہلیز پر آرہی ہے ،ان خیالات کا اظہار انہوںنے ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،ڈپٹی کمشنر عامر جان ، میئر کارپوریشن شیخ ثروت اکرام ،اراکین اسمبلی عبدالرئوف مغل ،توفیق بٹ ، سرکاری افسران بھی اس موقع پر موجود تھے ،وفاقی وزیر نے محکمہ انہار کی کارکردگی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لگ بھگ ایک ارب روپے کی لاگت سے زیر تعمیر قلعہ میاں سنگھ مائنر کا منصوبہ وہاں بسنے والے انتہائی پسماندہ اور غریب عوام کو صحت مندانہ ماحول فراہم کرنے کے لئے ہے لیکن محکمہ انہار کی غفلت کی وجہ سے اسکی صفائی نہیں کی گئی جس سے منصوبے کے اصل مقاصد پورے ہونے میں رکاوٹ آرہی ہے ، انہوںنے ڈپٹی کمشنر عامر جان کو ہدایت کی کہ وہ ترجیحی بنیادوں پر مستقل صفائی کا انتظام کرائیں ،اجلاس میں جی ڈی اے،واسا،کی ترقیاتی سکیموں اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کی حالیہ کارکردگی کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا ، واسا کی جانب سے بتایا گیا کہ رواں مالی سال کی تمام سکیمیں مکمل کر لی گئی ہیں، ایم پی اے توفیق بٹ نے سمن آباد سے علی پور چوک سڑک کے منصوبے پر وفاقی وزیر دفاع کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس سے علاقے کے عوام کے لئے آمدورفت میں آسانی پیدا ہوگی ،وفاقی وزیر نے کہا کہ عید الاضحی پر سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کی کارکردگی بہتر رہی تاہم اسکے بعد پھر عوامی شکایات کا سلسلہ جاری ہے جن کا فوری ازالہ کیا جائے۔

متعلقہ عنوان :