نوجوان نسل ملک کا سرمایہ ہے ،حالات کی تبدیلی کیلئے نوجوانوں کو آگے آنا ہوگا، حافظ نعیم الرحمن

جب تک ملک میں متبادل اور دیانت دار قیادت نہیں آئے گی۔ ہمارے حالات تبدیل نہیں ہوسکتے، امیر جماعت اسلامی کراچی

اتوار 24 ستمبر 2017 21:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 ستمبر2017ء) جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ نوجوان نسل ملک کا سرمایہ ہے ، حالات کی تبدیلی کیلئے نوجوان موثر کردار ادا کرسکتے ہیں،نوجوانوں کی طاقت کے ذریعے ملک میں تبدیلی لائیں گے، منبر ومحراب کی قوت کے ذریعے لوگوں کو رہنمائی فراہم کی جائے۔ سیکولر اور لادینی قوتیں چاروں طرف سے حملہ آور ہیں۔

امریکہ کھلا دشمن ہے اور جھوٹ کی بنیاد پر ہم پر حملہ آور ہونا چاہتا ہے۔ جب تک ملک میں متبادل اور دیانت دار قیادت نہیں آئے گی۔ ہمارے حالات تبدیل نہیں ہوسکتے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چرم قربانی مہم میں حصہ لینے والے جماعت اسلامی ضلع بن قاسم کے کارکنان کے اعزاز میں دیئے جانے والے پرتپاک استقبالیہ سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر جماعت اسلامی ضلع بن قاسم کے امیر عبد الجمیل خان، سیکریٹری مرزا فرحان بیگ اور جامع مسجد رحمت کے خطیب وامام مولانا سید عبد الواسع نے بھی خطاب کیا۔ جبکہ اس موقع پر جماعت اسلامی کراچی کے نائب امیر محمد اسلام، ضلعی وزونل ذمہ داران بھی موجودتھے۔ حافظ نعیم الرحمن نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ جماعت اسلامی اقامت دین کی تحریک ہے اور ہم اس ملک میں قرآن وسنت کا نظام چاہتے ہیں۔

قیام پاکستان کو 70 سال کا عرصہ گزر چکا ہے۔ ہم نے سچائی اور دیانت دار لوگوں کا ساتھ نہیں دیا۔ جس کے نتیجے میں جتنا بڑا ڈاکو اقتدار میں آیا۔ اتنے بڑے پیمانے پر ملک میں لوٹ مار ہوئی ۔ انہوں نے کہا کہ آج کراچی مسائلستان بن چکا ہے۔ یہاں کی سڑکیں تباہ ہیں۔ سیوریج سسٹم ناکارہ ہوچکا ہے۔ شہریوں کو پینے کا صاف پانی بھی میسر نہیں۔ پورے شہر میں کچرے کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں اور موذی امراض پھیل رہے ہیں۔

بجلی کی لوڈشیڈنگ اور اوور بلنگ نے عوام کی زندگی اجیرن بنادی ہے۔ کے الیکٹرک کو لگام دینے اور ان کا محاسبہ کرنے کے لئے جماعت اسلامی نے کامیاب جدوجہد کی اور کے الیکٹرک کے خلاف ہم اپنی جدوجہد کر جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ نے لسانیت کی بنیاد پر کراچی شہر کا تشخص تباہ کیا اور ہڑتالوں و قتل و غارت گری کے ذریعے مہاجروں کو پوری دنیا میں بدنام کیا گیا۔

اس طرح اے این پی نے غریب پختونوں کو بدنام کیا۔ ان کی لوٹ مار سے پارٹی کے عہدیداران تو کروڑ پتی اور ارب پتی بن گئے لیکن غریب آدمی کو لاشوں کے سوا کچھ نہیں ملا۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نوجوانوں کی طاقت کے ذریعے ملک میں تبدیلی لائے گی اور نوجوانوں کی صلاحیتوں کو تعمیری کاموں میں استعمال کیا جائے گا۔ جماعت اسلامی نوجوانوں کو منظم کرنے کے لئے کراچی شہر میں نوجوانوں کی ممبرشپ کرے گی اور یوتھ کی قیادت کے چناؤ کے لیے لیڈر شپ الیکشن کرائے جائیں گے۔

تعصب اور فرقہ واریت زیادہ دیر تک نہیں چلتی۔ کراچی کے عوام لسانی جماعتوں کو پہچان چکے ہیں اور ان کے گھناؤنے چہرے سب کے سامنے بے نقاب ہوچکے ہیں۔ کراچی امت مسلمہ کا دھڑکتا ہوا دل ہے۔ روہنگیا مسلمانوں کے لئے کراچی کے عوام کی جانب سے کئے جانے والا روہنگیا سپورٹ مارچ عالم اسلام کا سب سے بڑا مارچ ثابت ہوا ہے۔ روہنگیا کے مظلوم مسلمانوں کو اس مارچ سے بڑی تقویت اور سہارا ملا ہے۔

بنگلہ دیش بھی روہنگیا مسلمانوں کے لئے اپنی سرحدیں کھولنے پر مجبور ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی الخدمت کے ذریعے روہنگیا مسلمانوں کی امداد کررہی ہے۔ الخدمت کے مرکزی صدر خود امداد لے کر بنگلہ دیش کے سرحدی کیمپوں پر روہنگیا مسلمانوں کے پاس پہنچے ہیں اور انہیں خوراک و ادویات اور دیگر امداد فراہم کی گئی ہیں۔ اب تک کروڑوں روپے کی امداد روانہ کردی گئی ہے ۔

کراچی سمیت ملک بھر سے روہنگیا کے مظلوم مسلمانوں کی امداد کیلئے لوگ دل کھول کر فنڈ جمع کرارہے ہیں۔ جو اس بات کا عملی ثبوت ہے کہ امت مسلمہ بیدار ہے۔ جماعت اسلامی کے کارکنان نے اپنی عید کی خوشیاں اپنے غریب نادار بھائیوں کی خوشیوں پر قربان کی اور خود کو غبار آلود اور اپنے عید کے کپڑوں کو خون آلود کرکے اللہ کی رضا حاصل کی ہے۔ عبد الجمیل خان نے کہا کہ جماعت اسلامی کی کھالوں میں ہر سال مسلسل اضافہ ہورہا ہے اور اس بار بھی ریکارڈ کھالوں میں اضافہ اس بات کا عملی ثبوت ہے کہ عوام نے ہم پر اعتماد کیا ہے اور ہم عوام کے اعتماد کو ٹھیس نہیں پہنچائیں گے۔

الخدمت کے تحت شہر میں چلنے والے رفاعی ادارے اور فلاحی سرگرمیاں اس بات کا ثبوت ہیں کہ ہم عوام کا ایک ایک پیسہ دیانت داری کے ساتھ استعمال کرتے ہیں۔ الخدمت کی ایک ایک پائی کا آڈٹ کیا جاتا ہے۔ جبکہ شہر میں قائم دیگر رفاعی وویلفیئر کے اداروں کا کوئی آڈٹ عوام کو فراہم نہیں کیا جاتا۔ مرزا فرحان بیگ نے کہا کہ شہر کے حالات بہتری کی جانب گامزن ہیں۔ انشاء اللہ جماعت اسلامی کے کام میں مزید اضافہ ہوگا۔ مولانا سید عبد الواسع نے کہا کہ دنیا کی زندگی دھوکہ اور فریب کے سوا کچھ نہیں ہے۔ اللہ کی جنت اور بخشش کے حصول کی جدوجہد کی جائے اور ہماری زندگی کا مقصد اقامت دین کا نفاذ ہونا چاہیے۔

متعلقہ عنوان :