مشکل کی اس گھڑی میں ہم برما کے مظلوم مسلمانوں کے ساتھ ہیں ، مفتی بشیرالقادری

بر ما کے مسلما نوں کی حکو متی سطح پر مد د کی جا ئے اور برما سے فی الفور سفارتی تعلقات ختم کئے جا ئیں حکومت کوئی قدم اٹھانے میں سستی کا مظاہرہ کرے گی تو پاکستان کے غیورمسلمان خاموش نہیں بیٹھیں گے جمعیت علماء پاکستان (نورانی) کراچی کے قائم مقام صدرکا اورنگی ٹائون میں کارکنان سے خطاب

اتوار 24 ستمبر 2017 21:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 ستمبر2017ء) مشکل کی اس گھڑی میں ہم برما کے مظلوم مسلمانوں کے ساتھ ہیں ، بر ما کے مسلما نوں کی حکو متی سطح پر مد د کی جا ئے اور برما سے فی الفور سفارتی تعلقات ختم کئے جا ئیں ۔اگر حکومت کوئی قدم اٹھانے میں سستی کا مظاہرہ کرے گی تو پاکستان کے غیورمسلمان خاموش نہیں بیٹھیں گے۔ان خیالات کااظہارجمعیت علماء پاکستان (نورانی) کراچی کے قائم مقام صدر مفتی محمدبشیرالقادری نورانی نے اورنگی ٹائون میں کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہاکہ برما کے مسلمانوں پر حکومتی سرپرستی میں ظلم کیا جا رہا ہے جس پر پوری عالمی برادری خاموش ہے جوکہ انتہائی افسوسناک اور انسانی المیہ ہے۔مسلمان عورتوں کی عصمت دری کی جارہی ہے، بچوں اور جو انوں کو بے رحمی سے ذبح کیا جا رہا ہے ، انہیں تشدد کا نشانہ بنا تے ہوئے بڑی تعداد میں قتل اور بے گھر کیا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

مفتی بشیرالقادری نورانی نے کہاکہ المیہ یہ ہے کہ اس ظلم پر مسلم ممالک سمیت پوری دنیا خاموش ہے اور مسلم ممالک کے فوجی اتحاد کی جانب سے بھی کوئی پیش قدمی نہیں کی جا رہی ۔

پوری دنیامیں محض ایک ترکی ہے جو اس موقع پر اپنا کردار مثبت انداز میں ادا کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری ہمدردیاں برما کے مظلوم مسلمانوں کے ساتھ ہیں اورہمارا حکومت سے مطالبہ ہے کہ برما میں ہو نے والے ظلم و ستم اور مسلمانوں کی نسل کشی پر برما حکومت کے خلا ف کارروائی کا اعلان کر ے اور اس کے سفیر کو ملک بدر کیا جا ئے ،بصورت دیگر برما کے سفارت خانے کے گھیرائوکااعلان کیا جا ئے گا ۔

انہوں نے کہاکہ اسلامیان پاکستان کے حوصلے بہت بلند ہیں اور ان کے دل امتِ مسلمہ کے ساتھ دھڑکتے ہیں، برما میں ہو نے والے ظلم پرمسلمان سراپا احتجاج ہیں اورکیوں نہ ہوں امت مسلمہ جسدواحدکی مانند ہے جیسے انسان کے کسی حصے کو تکلیف ہوتی ہے توپورے جسم کو محسوس ہے اسی طرح دنیامیں کہیں بھی مسلمانوں پر ظلم ڈھایاجاتاہے تو پاکستان کے مسلمان اس کا دردمحسوس کرتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ اپنے مسلما ن بھا ئیوں کے ساتھ اظہا رِ یکجہتی کر تے رہیں گے ۔واضح رہے جمعیت علماء پاکستان(نورانی) کراچی کے صدر علامہ قاضی احمدنورانی کے پاک پتن روانہ ہوگئے ہیں ،ان کی غیر موجودگی میں سینئر نائب صدر مفتی محمدبشیرالقادری نورانی کو قائم مقام صدر کراچی مقرر کیاگیاہے۔

متعلقہ عنوان :