مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کا سرچ آپریشن ، مزید 3 کشمیریوں کو شہید کردیا

اتوار 24 ستمبر 2017 21:30

سری نگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 ستمبر2017ء) بھارتی سیکیورٹی فورسز نے مقبوضہ کشمیر کی تحصیل اڑی میں سرچ آپریشن کے دوران مزید3 کشمیریوں کو شہید کر دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی فورسز نے اڑی کے گاں کلگی کا محاصرہ کیا اور گھر گھر تلاشی شروع کی۔ اس دوران بھارتی فوج نے دعوی کیا کہ ان پر فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں انہوں نے جوابی فائرنگ کی اور 3 افراد مارے گئے۔

(جاری ہے)

بھارتی فوج کا دعوی ہے کہ آپریشن کے دوران مارنے جانے والے تینوں افراد غیر ملکی ہیں جو اس علاقے میں موجود تھے اور فورسز کو ان کی موجودگی کی اطلاع ملی تھی۔ ایس ڈی پی او اڑی جاوید احمد نے بتایا کہ علاقے کا محاصرہ اب ختم کر دیا گیا ہے اور فائرنگ کے تبادلے میں ایک سیکیورٹی اہلکار سمیت 5 افراد زخمی بھی ہوئے جبکہ دو گھروں کو بھی نقصان پہنچا۔واضح رہے کہ بھارتی فورسز کی جانب سے سرچ آپریشن کا بہانہ بنا کر بے گناہ کشمیریوں کو شہید کر دیا جاتا ہے جب کہ پاکستان نے اقوام متحدہ اور دیگر بین الاقوامی تنظیموں سے بھارت کی ریاستی دہشت گردی کو روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔