بھارت پاکستان میں ریاستی دہشتگردی میں ملوث ہے ، بھارت کی سیاسی اور عسکری قیادت کی جانب سے پاکستان میں دہشتگردی کرانے کے حوالے سے بیانات موجود ہیں ، بھارت افغانستان کو استعمال کرکے پاکستان میں دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث ہے ، 1947 سے اب تک بھارت کی جانب سے 15 لاکھ سے زائد کشمیریوں کو شہیدکیا جا چکا ہے ، کلبھوشن یادیو کے اعترافی بیانات نے بھارت کی قلعی کھول دی ہے تحریک طالبان پاکستان کے ترجمان احسان اللہ احسان کا بیان بھی اس سلسلے کی اہم کڑی ہے ، ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ پاکستان موقف کی تائید ہے

ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا کی سرکاری ٹی وی سے گفتگو

اتوار 24 ستمبر 2017 21:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 ستمبر2017ء) دفترخارجہ کے ترجمان نفیس زکریا نے کہا ہے کہ بھارت پاکستان میں ریاستی دہشتگردی میں ملوث ہے ، بھارت کی سیاسی اور عسکری قیادت کی جانب سے پاکستان میں دہشتگردی کرانے کے حوالے سے بیانات موجود ہیں ، بھارت افغانستان کو استعمال کرکے پاکستان میں دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث ہے ، 1947 سے اب تک بھارت کی جانب سے 15 لاکھ سے زائد کشمیریوں کو شہیدکیا جا چکا ہے ، کلبھوشن یادیو کے اعترافی بیانات نے بھارت کی قلعی کھول دی ہے ، ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ پاکستان موقف کی تائید ہے ۔

دفتر خارجہ کے ترجمان نفیس زکریا نے سرکاری ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت افغانستان کے ذریعے پاکستان میں دہشت گردی کروا رہا ہے ۔

(جاری ہے)

بھارتی حاضر سروس فوجی افسر کلبھوشن یادیو کے اعترافی بیانات کے علاوہ دیگر بے شمار ثبوت پاکستان میں بھارتی دہشتگردی کی قلعی کھول رہے ہیں ۔ تحریک طالبان پاکستان کے ترجمان احسان اللہ احسان کا بیان بھی اس سلسلے کی اہم کڑی ہے ۔

ٹی ٹی پی اور جماعت الحرار افغانستان میں را کے ساتھ مل کر پاکستان کے خلاف دہشتگردی کے لئے استعمال کیا جا رہا ہے ۔ نفیس زکریا نے کہا کہ جیک ہیگل کا 2011 میں دیا گیا بیان بھی اس بات کا واضح ثبوت ہے ۔ بھارت افغانستان کے ذریعے پاکستان میں دہشتگردی کے واقعات میں ملوث ہے ۔سابق آئی جی مہاراشٹرایس ایم مشرا نے اپنی کتاب میں اعتراف کیا ہے کہ بھارتی ایجنسی راء ، آر ایس ایس کے ساتھ مل کر بھارت میں موجود دہشت گردی کے حملے کروا کر الزام مسلمانوں پر عائد کر دیتا ہے ۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت خود ایک دہشت گرد ریاست ہے جو کہ نہ صرف پاکستان بلکہ دیگر کئی ہمالیہ ریاستوں میں دہشت گردی کے واقعات میں ملوث ہے ۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارتی کرنل آر ایس ایس اور بھارتی آئی بی نے مل کر سمجھوتہ ایکسپریس پر حملہ کیا جس میں بیسوں پاکستانی ہلاک ہو گئے تھے ۔ اس حملے کے حوالے سے بھی بھارتی افسر کا اعترافی بیان سامنے آچکا ہے ۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں 1947 سے اب تک 15 لاکھ سے زائد کشمیریوں کو شہید کر چکا ہے ۔ 8 جولائی 2016 سے اب تک سینکڑوں کشمیری شہید کیے جا چکے ہیں ۔ بھارتی سیکیورٹی فورسز نے مقبوضہ کشمیر میں پیلٹ گن کا استعمال کرکے سینکڑوں کشمیریوں کو اندھا کیا ۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل کی 112 صفحات پر مشتمل رپورٹ میں واضح طور پر بتایا گیا ہے کہ پیلٹ گن کو کس طرح کشمیری نوجوانوں میں جذبہ آزادی کچلنے کے لئے استعمال کیا گیا ۔

دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ بھارت کی بدنام زمانہ خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ اور طالبان کے تعلقات کے حوالے سے تازہ ترین رپورٹس اس بات کے واضح ثبوت ہیں کہ بھارت ایک دہشتگردریاست ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بھارت کا مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے لائے گا ۔ …