موجودہ حکومت محمد نواز شریف کی پالیسیوں کو جاری رکھی ہوئے ہے‘ سابق وزیراعظم محمد نواز شریف نے مشکل ترین دور میں اقتدار سنبھالا‘ ساڑھے چار سالوں کے دوران ملک سے دہشتگردی اور لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ہوا‘ ملک بھر میں موٹر ویز ،سی پیک منصوبہ بھی محمد نواز شریف کا کارنامہ ہے‘ وہ دلوں کے وزیر اعظم ہیں‘ 2013کے انتخابات میں این ای57اور پی پی16کے عوام سے جو بھی وعدے کئے گئے تھے ان کو پورا کیا جا رہا ہے

وزیر پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد اور صوبائی وزیر امور نوجوان جہانگیر خانزادہ کا جلسہ عام سے خطاب

اتوار 24 ستمبر 2017 21:20

حضرو ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 ستمبر2017ء) وزیر پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد اور صوبائی وزیر امور نوجوان جہانگیر خانزادہ نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت محمد نواز شریف کی پالیسیوں کو جاری رکھی ہوئے ہے‘ سابق وزیراعظم محمد نواز شریف نے مشکل ترین دور میں اقتدار سنبھالا‘ ساڑھے چار سالوں کے دوران ملک سے دہشتگردی اور لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ہوا‘ ملک بھر میں موٹر ویز ،سی پیک منصوبہ بھی محمد نواز شریف کا کارنامہ ہے‘ وہ دلوں کے وزیر اعظم ہیں‘ 2013کے انتخابات میں این ای57اور پی پی16کے عوام سے جو بھی وعدے کئے گئے تھے ان کو پورا کیا جا رہا ہے‘ چھچھ میں 126دیہاتوں کو سوئی گیس ،کارپٹ سڑکیں ،سکولوں کی اپ گریڈیشن ،لیپ ٹاپ کی فراہمی بھی وفاقی و صوبائی حکومت پنجاب کے عوام دوست پالیسیوں کے ثبوت ہیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گڑی متنی کو سوئی گیس کی فراہمی کے سلسلے میں بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا‘ جس کا اہتمام چیئرمین یاسر زمان خان ،محمد آصف خان اور دیگر نے کیا تھا ‘ جلسے سے چیئرمین بلدیہ اٹک شیخ ناصر محمود ،آصف خان ،ممریز لودھی نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر امیدوار صوبائی اسمبلی شیخ سلمان سرور،شیخ اجمل محمود،چیئرمین بلدیہ حضرو سعید آرائیں ،حاجی شیراز خان،چیئرمین سعید اعوان،فیصل خان،بشارت خان،شیخ خالدی،صدر اسحاق،لالا الطاف کے علاوہ کثیر تعداد میں معززین علاقہ موجود تھے انہوں نے کہا کہ 2013کے الیکشن میں دیہاتوں کو شہروں جیسی سہولیات کی فراہمی کے وعدے کئے تھے یہی وجہ ہے کہ آج چھچھ کے کونے کونے کو سوئی گیس کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے کارپٹ سڑکوں کے جال بچھائے گئے یہی وجہ ہے کہ عوامی خدمت پر عوام کے سامنے سرخرو ہیں۔

انہوں نے کہا کہ2018کے الیکشن میں بھی مسلم لیگ (ن) کی کامیابی یقینی ہے‘ محمد نواز شریف اور میاں محمد شہباز شریف نے صحیح معنوں میں پاکستانی عوام کی خدمت کی یہی وجہ ہے کہ محمد نواز شریف پاکستانی قوم کے دلوں کے وزیر اعظم ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ 2018تک چھچھ بھر کے تمام مسائل حل کرینگے جبکہ2018کے الیکشن میں مسلم لیگ ن ضلع بھر سے بھاری کامیابی حاصل کریگی ۔