دیمک زدہ قیادت کی صفائی کیلئے پاسبان الیکشن کے میدان میں اتری ہے ،صدر پاسبان پاکستان الطاف شکور

اتوار 24 ستمبر 2017 21:11

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 ستمبر2017ء) پاسبان پاکستان کے صدر الطاف شکور نے کہا ہے کہ کراچی کو ایک نئی اور تواناقیادت کی ضرورت ہے جو شہر سے بھتہ وصول نہ کرے بلکہ کراچی کے شہریوں میں تحفظ کا احساس پیدا کرے اور انہیں زندگی کی بنیادی سہولتیں فراہم کرے، دیمک زدہ قیادت کی صفائی کے لئے پاسبان الیکشن کے میدان میں اتری ہے، دیہاتی اور شہری وڈیرو ہوشیار، پاسبان آرہی ہے،مردم شماری میں کراچی کو 2سے 22گریڈ کے کلرکوں نے چونا لگایا ، قومی وحدت کو پارہ پارہ کرنے والے ان چپڑاسیوں کے خلاف جے آئی ٹی تشکیل دی جائے۔

مئیر کراچی کو اختیارات اور معقول بجٹ دیا جائے ،سندھ اور مہاجر کارڈ کھیلنے والے آپس میں فرسٹ کزن ہیں ،پاسبان نے الیکشن 2018کے لئے اپنے انتخابی امیدواروں کا اعلان کردیا ہے، پاسبان کراچی کے صدر عبدالحاکم قائد نے پاسبان کراچی کی نئی کابینہ کا اعلان بھی کردیا ہے ۔

(جاری ہے)

وہ اتوار کو کراچی پریس کلب میں پاسبان لیڈرز کنونشن کے شرکاء سے خطاب کر رہے تھے ۔

اس موقع پرپاسبان پاکستان کے جنرل سیکریٹری عثمان معظم، سینئر نائب صدر طارق چاندی والا ،پاسبان کراچی کے صدر عبدالحاکم قائد ،جنرل سیکریٹری سردار ذو الفقار و دیگر نے بھی خطاب کیا ۔اس موقع پر پاسبان کراچی کے رہنماء ظفر اقبال ، سنان ، حیدر علی ،حاجی اقبال، نعمت اللہ ،زمان انقلابی ، عمر بادشاہ ، حامد صدیقی ، امداد حسین ، کلیم اللہ ، طاہر عظیم ، مطلوب خان ، سردار جاوید خان ، حکیم شہاب الدین ، ناصر ولی ، ارشد بلوچ ، ضمیر حسین سمو ں، معین الدین صدیقی، منصور احمد، عارف راٹھور، جہانزیب ، ساجد خان ، اسماعیل خان ، اکرم اگریا ، جاوید اقبال ، عابد بلوچ ، امجد بلوچ ، اللہ دوست ، راشد خان ، اختر قریشی ، محمد عادل ، عارف جلب ، فضل ربی خان، اسد شاہ بخاری ، محمد انوار ، اسلم شاہ فیاض خان ، شیراز خان ، محمد جاوید ، احسن بصیر، افضال ڈالمیا ، سیف السلام بخاری ، سید رضوان الحق ، آصف بخش ، اکرام قریشی ، افتخار آفریدی،محمد مرسلین، محمد رضوان شانی، محمد سلیم جنجوعہ ، عبدالودود ، حاجی عبدالصمد ، سعید اللہ و دیگر بھی موجود تھے۔

پاسبان لیڈرز کنونشن میںپاسبان ورکرز نے زبردست جوش و خروش کامظاہرہ کیا ۔جب کے نو منتخب عہدیداروں کا تالیوں کی گونج میں شاندار استقبال کیا گیا۔اس موقع پرپاکستان مسلم لیگ (ن) ، آل پاکستان مسلم لیگ ،آگرہ برادری کے رہنمائوں نے پاسبان میں شمولیت کا اعلان کیا ۔ پاسبان پاکستان کے صدر الطاف شکور نے مزید کہا کہ کراچی کو صوبائی اور شہری حکومت نے لا وارث شہر بنا دیا ہے۔

پاسبان شہریوں کو مخلص اور بہادر قیادت فراہم کرے گی ۔مردم شماری میں شہر کے ساتھ دھاندلی ہوئی اور اعداد و شمار میں ڈنڈی ماری گئی ۔ مئیر کراچی کو اختیارات دئیے جائیں ۔ لاڑکانہ اور دادو میں بیٹھ کر کراچی ، تھر اور خیر پور کے مسائل حل نہیں کئے جاسکتے ۔الطاف شکور نے مزید کہا کہ میرٹ کے قتل عام ، مہنگائی ، بے روزگاری ،بجلی و پانی کی عدم فراہمی جیسے مسائل نے شہر کا جنا زہ نکال دیا ہے ۔

پاسبان لیڈر کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے پاسبان کراچی کے صدر عبدالحاکم قائد نے کہا کہ پاسبان اُمید کی کرن ہے اور سیاسی جماعتوں کی نا اہلی ،کرپشن ،عوامی مفاد کے بجائے ذاتی مفادات کے تحفظ کی پالیسیوں نے عوام کو ایک طرف حقوق سے محروم کیا ہے دوسری طرف با شعور سیاسی ورکرز نے بد دلی اور مایوسی پھیلا دی ہے ۔پاسبان کراچی کے جنرل سیکریٹری سردار ذو الفقار نے کہا کہ سی پیک سے حاصل ہونے والے ثمرات اور قومی سلامتی کو درپیش خطرات کا مقابلہ کرنے کے لئے قوم، ملک اور تمام سیاست دانوں کو ایک پیج پر متحد ہوجانا چاہئے۔

متعلقہ عنوان :