حافظ آباد، پرانی غلہ منڈیوںکے تاجروں کا نئی غلہ منڈی میں مبینہ میرٹ سے ہٹ دوکانوں کی الاٹمنٹ کیخلاف احتجاجی مظاہر

اتوار 24 ستمبر 2017 21:10

حافظ آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 ستمبر2017ء)حافظ آباد کی پرانی غلہ منڈیوںکے تاجروں اور آڑھتیوں کی کثیر تعداد نے نئی غلہ منڈی میں مبینہ طور پر میرٹ سے ہٹ کر دوکانوں /پلاٹس کی الاٹمنٹ کے خلاف یہاں فوارہ چوک میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔جس کی قیادت شیخ مصطفے اسحاق اورذوالفقار چاند بھون نے کی ۔ اس موقع پرمتاثرہ تاجروں نے شدید نعرہ بازی کرتے ہوئے کہا کہ شہر کی پرانی غلہ منڈیوں میں پچاس پچاس برس سے کام کرنے والے تاجروں اور آڑھتیوں کونئی غلہ منڈی میں دوکانوں /پلاٹس کی الاٹمنٹ سے محروم کردیا گیا ہے جبکہ پچاس پچاس لاکھ کی دوکانوں اور پلاٹس پر بااثر افراد دھونس دھاندلی سے قبضہ کرنے میں مصروف ہیں۔

اور ضلعی انتظامیہ خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

جس کی وجہ سے یہاںپر کسی وقت بھی کوئی بڑا خون خرابہ ہوسکتا ہے۔ حالانکہ قبضہ مافیا کے ان افراد کے خلاف محکمہ اینٹی کرپشن میں مقدمہ بھی درج ہے لیکن اس کے باوجود وہ نئی غلہ منڈی میں دوکانیں تعمیر کرنے میں مصروف ہیں۔ مظاہرین نے وزیر اعلی پنجاب ، چیف سیکریٹری اور سیکریٹری زراعت سے مطالبہ کیا کہ نئی غلہ منڈی میں غیر قانونی طور پر دوکانیں تعمیر کرنے والے افراد کے خلاف فوری کروائی عمل میں لاکر قبضہ کو رکوایا جائے اور میرٹ کے مطابق مذکورہ دوکانیں /پلاٹس پرانی غلہ منڈیوں میں سالہا سال سے کام کرنے والے تاجروں اور آڑھتیوں کو الاٹ کئے جائیں۔