پشتونوں کے حقوق کی بات کرنے والوں کے دور حکومت میں سب سے زیادہ پشتون ہجرت پر مجبور ہوئے،مشتاق احمد خان

حکمرانوں نے ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کے لئے کوئی کوشش نہیں کی، ملکی ملک کی ،تاریخ میں پہلی مرتبہ پی آئی اے کا پورا جہاز چوری ہوگیا لیکن حکومت نے اس پر کوئی رد عمل ظاہر نہیں کیا نہ تحقیقات کی جارہی ہیں، برمی سفیر کو فی الفور واپس بھیجا جائے،امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا

اتوار 24 ستمبر 2017 20:41

․ پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 ستمبر2017ء) امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ پشتونوں کے حقوق کی بات کرنے والوں کے دور حکومت میں سب سے زیادہ پشتون ہجرت پر مجبور ہوئے، اے این پی امریکن نیشنل پارٹی بن چکی ہے، پشتونوں کو رنجیت سنگھ نے اتنا نقصان نہیں پہنچایا جتنا اے این پی نے پانچ سالہ حکومت میں پہنچایا۔

حکمرانوں نے ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کے لئے کوئی کوشش نہیں کی، امریکی وکیل نے کہا ڈاکٹر عافیہ مردہ قوم کی بہادر بیٹی ہے لیکن ہم کہتے ہیں کہ عافیہ کی قوم مردہ نہیں اس کے حکمران مردہ ہیں۔ میاں صاحب نے وعدہ کیا تھا کہ سو دن میں عافیہ کو رہائی دلائیں گے لیکن حکومت ملتے ہی اپنے وعدے کو بھول گئے۔سائیکل اور موٹر سائیکل کی چوری کا تو سنا تھا لیکن ملک کی تاریخ میں پہلی مرتبہ پی آئی اے کا پورا جہاز چوری ہوگیا لیکن حکومت نے اس پر کوئی رد عمل ظاہر نہیں کیا نہ ہی اس کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔

(جاری ہے)

یہ وہ لوگ ہیں جنہوں نے پی آئی اے، ریلوے ، واپڈا، سٹیل مل اور پاکستان کا مستقبل تباہ کردیا لیکن ان کے پیٹ نہیں بھرتے ۔روہنگیا میں ظلم و ستم جاری ہے، پاکستان کے حکمران اسلام آباد میں برمی سفارتخانے کی بندش اور برمی سفیر کو واپس بھیجنے سے کوتاہی برت رہی ہے۔ یہ حکمران رسول اللہ ﷺ کی امت کے ساتھ نہیں بلکہ برما کی ظالم حکومت کے ساتھ ہیں۔

ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ برمی سفیر کو فی الفور واپس بھیجا جائے۔ حکمرانوں اربوں روپوں کی کرپشن میں ملوث ہیں، ان سے لوٹی ہوئی دولت واپس لی گئی تو پاکستان قرض لینے والا نہیں بلکہ دینے والا ملک بن جائے گا۔ جماعت اسلامی قرآن کے نظام اور نظام مصطفی کے لئے کوشاں ہے، ہماری سیاست اسلام اور خلافت راشدہ کے نظام کے قیام کے لئے ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی پی کے 77بونیر کے زیر اہتمام جنگدرہ خوڑ طوطالئی میں شمولیتی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

شمولیتی جلسہ عام میں راج ولی خان نے اپنے خاندان اور سینکڑوں ساتھیوں سمیت پی ٹی آئی سے مستعفی ہوکر جماعت اسلامی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے امیر صوبہ مشتاق احمد خان نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما کہتے ہیں کہ برما کی فکر چھوڑ دیں اپنے گھر کی فکر کریں۔ لیکن ان کی حکومت میں پشتونوں نے بڑی تعداد میں اپنے علاقوں سے ہجرت کی اور انہیں دہشت گردی کا نشانہ بنایا گیا۔

پشتونوں کو رنجیت سنگھ سے زیادہ نقصان پشتونوں کے حقوق کی بات کرنے والوں نے پہنچایا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں لوٹ مار کا بازار گرم ہے، حکمرانوں نے قوم کا پیسہ لوٹ کر باہر کے بینکوں میں منتقل کیا ہے۔ ہم نے سپریم کورٹ میں رٹ دائر کی اور ایک چور کو عہدے سے ہٹا دیا، اب باقی چوروں اور لٹیروں کی باری ہے۔ آخری چور کو سزا تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

سپریم کورٹ کرپشن میں ملوث باقی افراد کو بھی سزا دے۔ انہوںنے کہا کہ پاکستان کی 343پارٹیوں میں صرف جماعت اسلامی ہی واحد جماعت ہے جس میں چور، ڈاکو، آف شور کمپنیوں کے مالک شامل نہیں، جماعت اسلامی میں کوئی موروثیت نہیں بلکہ یہ واحد جمہوری پارٹی ہے۔ جماعت اسلامی کی حکومت آئے گی تو ملک ترقی کے راستے پر گامزن کریں گے۔ جماعت اسلامی قوم کی بیٹی عافی صدیقی کو امریکی قید سے چھڑاکر وطن واپس لائے گی۔