فاٹا کو فوری طور پر خیبر پختونخواہ میں ضم کیا جائے‘ الحاج شاہ جی گل آفریدی

اتوار 24 ستمبر 2017 20:41

لنڈی کوتل۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 ستمبر2017ء) ممبر قومی اسمبلی الحاج شاہ جی گل آفریدی نے کہاہے کہ فاٹا کو فوری طور پر خیبر پختونخواہ میں ضم کیا جائے،آئندہ الیکشن سے قبل کے پی کے اسمبلی میں فاٹا کو مکمل نمائندگی دی جائے اور پشاور ہائی کورٹ کا دائرہ کار فاٹا تک بڑھایا جائے اور این ایف سی ایوارڈ میں فاٹا کو تین فیصد حصہ دیا جائے۔

ان خیالات کا اظہار ممبر قومی اسمبلی الحاج شاہ جی گل آفریدی نے باڑہ بر قمبر میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ اگر 9اکتوبر سے پہلے پہلے ہمارے مطالبات تسلیم نہیں کئے گئے تو وہ تمام سیاسی جماعتوں کے ہمراہ اسلام آباد میں احتجاجی کیمپ لگائیں گے۔انہوں نے کہا کہ فاٹا اصلاحات آخری مراحل میں ہیں اور فاٹا کے انضمام کی تحریک کے سلسلے میں 9اکتوبر کو فیصلہ کن تحریک چلائیں گے جس میں تمام سیاسی پارٹیاں شرکت کرے گی ‘جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے ممبر قومی اسمبلی شہاب الدین خان نے کہا کہ فاٹا کے انضمام،صوبائی اسمبلی میں نمائندگی اور پشاور ہائی کورٹ کا دائرہ احتیار فاٹا تک بڑھائے بغیر فاٹا اصلاحات نامکمل ہیں۔

(جاری ہے)

جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عوام نیشنل پارٹی کے دیرینہ کارکن اور سینئر وکیل لطیف آفریدی نے کہا کہ فاٹا کے عوام کے بہتر مستقبل کیلئے فاٹا کو خیبر پختونخواہ میں ضم کیا جائے اور فاٹا کو خاص اہمیت دیکر قبائلی عوام کو تمام ٹیکسوں سے مثتثنیٰ کیاجائے۔جلسے سے ملک ندیم،ملک حبیب نور اورکزئی،جماعت اسلامی کے شاہ فیصل آفریدی،پی ٹی آئی کے عبدلغنی آفریدی،ملک شاہ محمد شنواری،اے این پی کے عمران آفریدی،قومی وطن پارٹی کے عجب خان آفریدی،پی پی پی حضرت ولی آفریدی،برکت آفریدی،فاٹا لائرز فورم کے اعجاز مہمند،سابق ممبر قومی اسمبلی محمد شاہ آفریدی،سابق سنیٹر عبدلرحمان اور فاٹا سٹوڈنٹس ارکنائزیشن کے صدر شوکت عزیز نے بھی خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :