ڈپٹی کمشنر ضلع غربی کا ایڈمنسٹریٹر بلدیہ غربی کے ہمراہ مساجد و امام بارگاہوں کا دورہ

اتوار 24 ستمبر 2017 20:00

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 ستمبر2017ء) ڈپٹی کمشنر ضلع غربی آصف جمیل نے ایڈمنسٹریٹر بلدیہ غربی غلام فرید، میونسپل کمشنر وسیم مصطفی سومرو، جعفریہ الائنس کے رہنما شبر رضا اور فوکل پرسن نوید قمر کے ہمراہ بلدیہ غربی کی حدود میں موجود مساجد ، امام بارگاہوں کے اطراف صفائی ستھرائی ، روشنی کے انتظامات اور جلوس کے روٹس کا جائزہ لیا۔

جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ڈپٹی کمشنر نے عزاداران کو سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے جاری کاموں کو برق رفتاری سے مکمل کرنے اور خصوصا زیر تعمیر اورنج لائن بس روٹ پر موجود ملبے کے ڈھیروں کو فوری ٹھکانے لگانے کے احکامات دیئے جبکہ ایڈمنسٹریٹر نے موقع پر موجود بلدیاتی افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ بلدیہ غربی کی حدود میں موجود تما م مساجد و امام بارگاہوں کے اطراف جاری صفائی ستھرائی ،کچرے کی منتقلی اور روشنی کی فراہمی کے انتظامات کو منتظمین کی مشاورت سے ہنگامی بنیادوں پر مکمل کرنے کیلئے تمام تر دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جائے نکاسی آب کی صورتحال کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ جلوس کی گذرگاہوں پر تعمیر و مرمت اور تجاوزات کے خاتمہ کے کاموں بھی برق رفتاری سے مکمل کیا جائے۔

(جاری ہے)

موقع پر موجود بلدیاتی افسران نے محرم الحرام کے حوالے سے جاری کاموں کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ بلدیہ غربی کی حدود میں موجود تمام امام بارگاہوں کے اطراف صفائی ستھرائی ، کچرے کی منتقلی اور روشنی کی فراہمی کے انتظامات کے انتظامات کو بروقت مکمل کرنے کے ساتھ ساتھ جلو س کی گذرگاہوں پر تعمیر و مرمت اور تجاوزات کے خاتمہ کیلئے چاروں زونوں کے افسران و عملہ بھرپور جدوجہد میں مصروف عمل ہیں جبکہ امام بارگاہوں کے اطراف چونے اور جراثیم کش ادویات کے چھڑکاؤ کا کام بھی تسلسل سے جاری رکھا جا رہا ہے۔