تھائی لینڈنمائش اختتام پذیر، درجنوں تجارتی معاہدے طے پا گئے

اتوار 24 ستمبر 2017 20:00

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 ستمبر2017ء) تھائی لینڈ کی تین روزہ سنگل کنٹری نمائش کراچی کے نجی ہوٹل میں اختتام پذیر ہو گئی۔ نمائش کے آخری روز لوگوں کی بڑی تعداد پہنچ گئی، اسٹالز کا صفایا، درجنوں تجارتی معاہدے طے پاگئے، تھائی لینڈ حکام کا اگلے سال سے تجارت کے ساتھ تعلیم اور صحت کی نمائش منعقد کرنے کا بھی اعلان کر دیا۔

اتوار کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق یہ تین روزہ نمائش تھائی لینڈ کی وزارت کامرس کے ڈپارٹمنٹ آف انٹرنیشنل ٹریڈ اور ایونٹ اینڈ کانفرنس انٹرنیشنل کی جانب سے نجی ہوٹل میں منعقد کی گئی تھی جس میں 45 سے زائد کمپنیوں نے اپنی مصنوعات کی نمائش کی۔ اس دوران ان کمپنیوں نے درجنوں تجارتی معاہدے کئے ہیں اور پاکستان میں اپنے ڈسٹری بیوٹرز اور ایجنٹس کا بھی انتخاب کر لیا۔

(جاری ہے)

نو سال کے وقفے کے بعد تھائی لینڈ کی نمائش کے انعقاد پر لوگوں خصوصاً خواتین کی بڑی تعداد پہنچ گئی جہاں انہوں نے اپنی پسند کی بیوٹی پروڈکٹس اور دیگر گھریلو استعمال کی اشیا کی خریداری کی۔ نمائش میں فوڈز اینڈ بیوریجز، گارمنٹس، میڈیسن، کاسمیٹک اینڈ فیشن ایکسیسریز، گفٹ اینڈ ڈیکوریشن، ہیلتھ اینڈ بیوٹی، ہاؤس ہولڈ اینڈ کچن وئیر، لیدر اینڈ فٹ وئیر پروڈکٹس سمیت آٹھ مختلف کیٹیگریز کی چیزیں موجود تھیں۔

نمائش کے آخری روز صحافیوں سے گفت گو کرتے ہوئے ڈائریکٹر تھائی ٹریڈ سینٹر ڈھاکہ ، ڈپارٹمنٹ آف انٹرنیشنل ٹریڈ پروموشن، وزارت کامرس تھائی لینڈ مسٹر سوبسک ڈینگ بون رؤنگ نے بتایا کہ نمائش انتہائی کامیاب رہی ہے۔ لوگوں کو اپنے شہر میں تھائی لینڈ کی مصنوعات ملی ہیں اور تھائی کمپنیوں کو تجارتی معاہدے کرنے کا موقع ملا ہے اور تقریباً ہر کمپنی نے متعدد ڈیلز کی ہیں۔

اس کے علاوہ انہیں پاکستان سے اپنے ڈیلرز اور ایجنٹس بھی ملے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان اور تھائی لینڈ کے درمیان فری ٹریڈ معاہدہ رواں سال کے اختتام یا نئے سال کے آغا ز میں طے پا جائے گا جس سے نہ صرف مشترکہ تجارت کو بڑھانے کا موقع ملے گا بلکہ پاکستان میں سرمایہ کاری بھی بڑھے گی۔ ڈائریکٹر تھائی ٹریڈ سینٹر نے کہا کہ اگلے سال سے وہ تجارت کے ساتھ تعلیم اور صحت کی نمائش کا بھی انعقاد کریں گے کیونکہ وہ سمجھتے ہیں کہ پاکستانیوں کو تھائی لینڈ میں بہت مناسب خرچے میں عالمی معیارکی تعلیم اور صحت کی سہولیات مل سکتی ہیں، تھائی لینڈ ایک آزاد اور پرامن ملک ہے جہاں مسلمانوں سمیت سب کو آزادی سے رہنے کا حق ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں امن و امان کی صورت حال بہت تیزی سے بہتر ہوئی ہے اور اب غیر ملکی سرمایہ کاری زیادہ دلچسپی لے رہے ہیں۔ قبل ازیں صدر ایف پی سی سی آئی زبیر طفیل نے بھی نمائش کا دوسرے روز دورہ کیا اور منتظمین کی کاوشوں کو سراہا۔