انسدادِ تجاوزات مہم کو مزید تیز کیا جائے ، مہم کوموثر رابطہ کے ذریعے بہتر سے بہتر بنایا جائے ، میئر اسلام آباد شیخ انصر عزیز

سی ڈی اے کی انسدادِ تجاوزات مہم شہر بھر میں جاری ،96 انسدادِ تجاوزات آپریشنزمیں 11غیر قانونی کمرے،13 چار دیواریاں، 30 جھگیاں، متعدد ٹھیلوں کو ہٹادیا گیا ، متعلقہ حکام کی بریفنگ

اتوار 24 ستمبر 2017 19:50

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 ستمبر2017ء) میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے سی ڈی اے کی انسدادِ تجاوزات مہم سے متعلق ڈائریکٹوریٹ آف انفورسمنٹ کی کارکردگی پر تسلی کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ شہریوں کی سہولیات کیلئے انسدادِ تجاوزات مہم کو مزید تیز کیا جائے ،اس بات پرزور دیا کہ انسدادِ تجاوزات مہم موثر رابطہ کے ذریعے بہتر سے بہتر بنایا جائے،مہم کے موثر نتائج کیلئے خصوصاً تاجر برادری اور تاجر تنظیموں کی سی ڈی اے اور ایم سی آئی کی انسدادِ تجاوزات مہم میں معاونت کو یقینی بنایا جا،اسلام آباد کے قدرتی حسن کو بحال کرنے کے لیے تجاوزات کا مکمل خاتمہ از حد ضروری ہے اس لیے اس آپریشن کو جاری رکھا جائے۔

وہ بروز اتوار سی ڈی اے ہیڈ کوارٹرز میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

اجلاس کے دوران ڈائریکٹوریٹ آف انفورسمنٹ کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔اس موقع پر سی ڈی اے اور میٹرو پولیٹین کارپوریشن اسلام آباد(ایم سی آئی) کے متعلقہ سینئر افسران بھی موجود تھے۔ اس موقع پر متعلقہ حکام نے بریفنگ دی کہ کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی(سی ڈی ای) کی انسدادِ تجاوزات مہم شہر بھر میں زور و شور سے جاری ہے۔

ماہِ ستمبر کے پہلے دو ہفتوں دوران شہر کے مختلف علاقوں میں 96 انسدادِ تجاوزات آپریشن کیے گئے، ان کاروائیوں کے دوران 11غیر قانونی طو رپر تعمیر کیے گئے کمرے،13 غیر قانونی تعمیر کردہ چار دیواریاں، 30 جھگیاں، متعدد سبزیوں اور پھلوں کے ٹھیلوں سمیت کئی تعمیراتی سامان کے ٹھیے ، لکڑیوں کے غیر قانونی ٹال اور کباڑ خانوں کے علاوہ مختلف سڑکوں کے اطراف موجود تجاوزات کو ختم کر دیا گیا ۔

اس عرصے کے دوران 02 گاڑیوں کو بھی قبضہ میں لیا گیا جو بلا اجازت مختلف چیزیں بیچ رہی تھی۔ انسدادِ تجاوزات مہم کے تحت کی جانے والی کاروائیوں کے دوران تقریباً1753 انکروچمنٹ آئٹمز کو بھی ضبط کر کے سیکٹر F-9 سٹور میں منتقل کر دیا گیا۔میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے ڈائریکٹوریٹ آف انفورسمنٹ کی کارکردگی پر تسلی کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ شہریوں کی سہولیات کے لیے انسدادِ تجاوزات مہم کو مزید تیز کیا جائے اور انہوں نے اس بات پرزور دیا کہ انسدادِ تجاوزات مہم کوموئثر رابطہ کے ذریعے بہتر سے بہتر بنایا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ مہم کے موثر نتائج کے لیے خصوصاً تاجر برادری اور تاجر تنظیموں کی سی ڈی اے اور ایم سی آئی کی انسدادِ تجاوزات مہم میں معاونت کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کے قدرتی حسن کو بحال کرنے کے لیے تجاوزات کا مکمل خاتمہ از حد ضروری ہے اس لیے اس آپریشن کو جاری رکھا جائے۔ تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے ڈائریکٹر انفورسمنٹ نے اجلاس کو بتایا کہ ماہِ ستمبر کے پہلے دو ہفتوں کے دوران شہر بھر میں96انسدادِ تجاوزات کاروائیاں عمل میں لائی گئیں جن میں کئی بڑے آپریشنز بھی شامل تھے۔

انہوںنے کہا کہ اس طرح کا ایک بڑا آپریشن ایکسپریس ہائی وے ، G-6،F-12 میں کیا گیا اس آپریشن میں بلڈنگ کنٹرول سیکشن (بی سی ایس) اور دیگر شعبوں کی معاونت بھی شامل تھی۔ انہیں بتایا گیا کہ انسدادِ تجاوزات مہم کو تیز کرتے ہوئے بڑے پیمانے پر کاروائی کی گئی جس کے تحت متذکرہ بالا دورانیہ میں کی جانے والی انسداد تجاوزات کی کاروائیوں کے دوران غیر قانونی تعمیرات گرائی گئیں جن میںکھنہ پل سے مختلف تجاوزات کو ختم کرتے ہوئے 13 آئٹمز جو تجاوزات سے متعلق تھا قبضہ میں لے لیا گیا جبکہ 02 جھگیوں کو ختم کیا گیا ۔

اسی طرح بلڈنگ کی تعمیرات کے حوالہ سے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کے زمرے میں آنے والی تعمیر ات کو بھی بی سی ایس کی نشاندہی پر ختم کر دیا گیا۔ میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے کو مزید بتایا گیا کہ ماہ ستمبر کے پہلے دو ہفتوں کے دوران کی جانے والے کاروائیوں میں 30 جھگیوں کے خاتمہ سمیت 13 بائونڈری والز بھی ختم کیں گئیں ۔ جن علاقوں میں یہ کاروائیاں کی گئیں ان میں سیکٹرG-7 ، F-12،I-8/1 ،جھنگی سیداں ستارہ ملز، چٹھا بختاور، فیصل مسجد، بلیو ایریا، فیصل ایونیو، ماڈل ٹائون ہمک، مری روڈ، بری امام، جی ٹی روڈ، فیصل مسجد کا علاقہ، فیصل ایونیو، مارگلہ ٹائون ،سید پور ماڈل ویلج کے علاوہ دوسرے علاقے بھی شامل ہیں۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے تجاوزات کو روکنے کے لیے سخت اقدامات کرتے ہوئے شام کی شفٹ میں بھی عملہ کو تعینات کیا تاکہ تجاوزات کرنے والوں کی حوصلہ شکنی کو یقینی بنایا جا سکے۔شام کی شفٹ میں جان مارکیٹ، کھڈا مارکیٹ، ستارہ مارکیٹ، سپر مارکیٹ، جناح سپر مارکیٹ کے علاوہ آئی جے پی روڈ پر آپریشن کر کے غیر قانونی تعمیرات کے خاتمہ کو یقینی بنایا گیا۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے ادارے کی جانب سے اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد کے لیے کیے جانے والے اقدامات میں بھی حصہ لیا اور میگا فون کے ذریعے مکینوں کو رضا کارانہ طور پر غیر قانونی بجلی، گیس اور پانی کی پائپ لائنوں پر نصب موٹروں کو ختم کرنے کے لیے آگاہ کیا۔ انتباہ کی مدت کے اختتام پر بشمول ایمرجنسی اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ، واٹر سپلائی ڈائریکٹوریٹ، سوئی ناردرن گیس پائپ لائن اور واپڈا آپریشن کرتے ہوئے سیکٹر I-8 میں کیٹیگریII- کے 116 گھروں کا معائنہ کیا گیا اور 04 پانی کی موٹریں ضبط کر لی گئیں۔

میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ انسداد تجاوزات مہم کو مزید تیز کیا جائے تاکہ شہر کی خوبصورت کو برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ شہریوں کو سہولت حاصل ہو ۔