عبوری حکومت کی آئین میں کوئی گنجائش نہیں‘ بیگم کلثوم نواز کی صحت یابی کے بعد محمد نواز شریف پاکستان میں ہوں گے اور تمام معاملات کا سامنا کریں گے، چوہدری نثار نے مجھ سے کہا کہ میری پارٹی مسلم لیگ (ن) اور میرے قائد نواز شریف ہیں

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی میڈیا سے گفتگو

اتوار 24 ستمبر 2017 19:41

عبوری حکومت کی آئین میں کوئی گنجائش نہیں‘ بیگم کلثوم نواز کی صحت یابی ..
لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 ستمبر2017ء) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ عبوری حکومت کی آئین میں کوئی گنجائش نہیں‘ بیگم کلثوم نواز کی صحت یابی کے بعد سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف پاکستان میں ہوں گے اور تمام معاملات کا سامنا کریں گے۔ وہ اتوار کے روز یہاں سمن آباد میں مختلف منصوبوں کا افتتا ح کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔

سردار ایاز صادق نے کہا کہ انتخابی اصلاحات کا بل سینیٹ سے منظور ہو چکا ہے‘ بل میں ہونیوالی تبدیلیوں پر عملدرآمد کی ذمہ داری الیکشن کمیشن کی ہے۔ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ چوہدری نثار سینئر لیڈر ہیں اور رہیں گے‘ چوہدری نثار نے مجھے کہا کہ میری پارٹی مسلم لیگ (ن) ہے اور میرے قائد بھی نواز شریف ہیں جس دن عدالتی فیصلہ آیا چوہدری نثار نواز شریف کے ساتھ موجود تھے۔

(جاری ہے)

لندن میں ہونیوالے مشاورتی اجلاسوں کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ایسے مشاورتی اجلاس ہوتے رہتے ہیں‘ نواز شریف جلد واپس آرہے ہیں جس سے بہت سے لوگوں کی امیدوں پر پانی پھر جائے گا۔ ایک سوال پر انہوں نے کہاکہ 6 ستمبر کو بھی میرا یہی موقف تھا کہ ہر سیاستدان کو ملکر دہشت گردوں کیخلاف لڑنا ہے جبکہ پوری قوم کا متحد ہونا ضروری ہے۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی ہی رہیں گے جبکہ (ن) لیگ کے لیڈر آج بھی نواز شریف ہی ہیں۔ اس موقع پر سپیکر قومی اسمبلی نے شہید لیفٹیننٹ ارسلان عالم کیلئے دعا کروائی اور کہا کہ شہید نے جان کا نذرانہ دیکر ملک کو محفوظ بنایا‘ ہمیں ان کا شکریہ ادا کرنا چاہئے۔