نظام شمسی کے سب سے بڑے سیارے کی تصاویر جاری

اتوار 24 ستمبر 2017 19:32

نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 ستمبر2017ء)ناسا نے نظام شمسی کے سب سے بڑے سیارے مشتری کی حیرت انگیز تصاویر جاری کر دی ہیں۔ناسا نے نظام شمسی کے سب سے بڑے سیارے کے مشاہدے کے مشن کا آغازگزشتہ برس کیا۔ناسا کی خلائی گاڑی جونو نے مشتری کے مدار میں سفر کیاجس کا مشن نظام شمسی کے سب سے بڑے سیارے کا مشاہدہ کرنا تھا ۔

(جاری ہے)

امریکی میڈیا کے مطابق خلائی گاڑی جونو کی رفتار 165ہزار میل فی گھنٹہ تھی، باسکٹ بال گرائونڈ سائز کی یہ گاڑی شمسی توانائی سے چلتی ہے، جس پرا یک ارب دس کروڑ ڈالر کی لاگت آئی۔

سائنسدانوں نے کہا کہ جونو سے لی جانے والی معلومات سے نظام شمسی اورسیاروں کے بارے میں بہت سی نئی اور مفید معلومات سامنے آئیں گے۔واضح رہے کہ زمین سے 628,743,036 کلومیٹر دور مشتری ایک گیسی سیارہ ہے، جس پر ہائیڈروجن اور ہیلیئم کی بہتات ہے اور اسے ناکام سورج بھی قراردیا جاتا ہے۔ اس پر تحقیق سے خود ہمارے نظامِ شمسی کو جاننے میں بھی مدد ملے گی۔