عدالت عظمیٰ انتخابی اصلاحات بل کی منظوری پر سوموٹو ایکشن لے، نصرت واحد

نا اہل نواز شریف کو مسلم لیگ ن کا صدر دوبارہ بنانے کیلئے انتخابی اصلاحات بل منظور کرایاگیا

اتوار 24 ستمبر 2017 19:31

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 ستمبر2017ء) تحریک انصاف سندھ کی نائب صدر سینئر رہنما نصرت واحد نے سینیٹ سے انتخابی اصلاحات بل کی منظوری کی مزمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عدالت عظمیٰ انتخابی اصلاحات بل کی منظوری پر سوموٹو ایکشن لے ۔ نواز شریف کو نااہلی کے بعد دوبارہ پارٹی صدر بنانے کیلئے انتخابی اصلاحات بل منظور کرایا گیا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اندرون سندھ کے مختلف علاقوں کے دوروں کے موقع پر پارٹی کارکنوں اور رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بل کی منظوری میں ایم کیو ایم ، جے یو آئی (ف) ، نیشنل پارٹی، پختونخواہ ملی عوامی پارٹی، پی این پی (مینگل) کے کردار کو مایوس کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ بعض سیاسی جماعتوں نے قومی مفادات کو ترجیح دینے کے بجائے ذاتی مفادات کیلئے حکومت کا ساتھ دیا جو باعث شرم ہے۔

(جاری ہے)

آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 کے تحت نااہل ہونے والا شخص رکن اسمبلی اور سیاسی پارٹی کا عہدہ نہیں رکھ سکتا ہے عدالت عظمیٰ نے نواز شریف کو تاحیات نااہل قرار دیا ہے ۔ سابق وزیر اعظم کو پارٹی کا سربراہ بنانے کیلئے مسلم لیگ ن نے آئین کی خلاف ورزی کی ہے ۔ نصرت واحد نے مزید کہا کہ محب وطن سیاسی جماعتیں اس غیر قانونی عمل کے خلاف ایوانوں میں آواز بلند کریں۔ نواز شریف پانامہ کیس میں عدالتوں کا سامنا کرنے کے بجائے لندن فرار ہوگئے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ نواز شریف، حسن، حسین، مریم صفدر اور اسحاق ڈار کا نام وطن واپسی پر ای سی ایل میں شامل کیا جائے۔