Live Updates

شہدائے ماڈل ٹائون کوجسٹس باقر نجفی کمیشن رپورٹ نہ ملنا توہین عدالت ہے،قاضی زاہد حسین

پنجاب حکومت سانحہ ماڈل ٹاون کے قتل عام میں برائے راست ملوث ہے اور شہباز شریف،راناء ثناء اللہ ،توقیر شاہ 14شہریوں کے قاتل ہیں پاکستان عوامی تحریک کے نو منتخب مرکزی صدر قاضی زاہد حسین کا تقریب استقبالیہ سے گلشن اقبال میں خطاب

اتوار 24 ستمبر 2017 19:31

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 ستمبر2017ء) پاکستان عوامی تحریک کے نو منتخب مرکزی صدر قاضی زاہد حسین نے کہا ہے کہ عدالت کے حکم کے باوجود شہدائے ماڈل ٹائون کو جسٹس باقر نجفی کمیشن رپورٹ نہ ملنا توہین عدالت ہے۔جسٹس باقر جنفی کمیشن رپورٹ لواحقین کا حق ہے اگر ماڈل ٹائون کے قتل عام میں پنجاب حکومت ملوث نہیں تو باقر نجفی رپورٹ کیوں چھپائی جا رہی ہے۔

ساری دنیا جانتی ہے پنجاب حکومت سانحہ ماڈل ٹاون کے قتل عام میں برائے راست ملوث ہے اور شہباز شریف،راناء ثناء اللہ ،توقیر شاہ 14شہریوں کے قاتل ہیں ۔ہم حکمرانوں کو بتانا چاہتے ہیں ہم باقر نجفی رپورٹ بھی حاصل کریں گے،ماڈل ٹائون کے قتل عام کا قصاص بھی ہو گا اور ملوث قاتلوں کو پھانسیاں بھی ہونگی کوئی کسی غلط فہمی میں نہ رہے۔

(جاری ہے)

وہ پاکستان عوامی تحریک کراچی سندھ کی طرف سے اپنے اعزاز میں دئے گئے استقبالئے سے گلشن اقبال میں خطاب کر رہے تھے۔

قاضی زاہد حسین نے مزید کہا موجودہ نا اہل حکمران ملکی قوانین کو روند کر ریاست میں اپنی بادشاہت چاہتے ہیں مگرپاکستان عوامی تحریک ایسا ہر گز نہیں ہونے دے گی۔بیماریوں کے بہانے کرپٹ خاندان ملک لوٹ کر فرار ہو چکا ہے ۔ایک جھوٹے ،نا اہل،کرپٹ،چور انسان کیلئے آئین میں تبدیلی ظلم ہے یہ آئین پر حملہ ہے الیکشن اصلاحات کے نام پر بل کی شق 203قوم کے ساتھ مذاق ہے جس طرح کے کرپٹ لوگ قوم پر مسلط ہیں ان سے اپنے مفادات کے بل کے علاوہ خیر کی توقع نہیں کی جا سکتی۔

قاضی زاہد حسین نے کہا سپریم کورٹ کو الیکشن اصلاھات کے نام پر مذاق پر نو ٹس لینا ہو گا قوم کی نظریں عدالت عظمیٰ پر ہیں۔نا اہل شخص کیلئے اتنی کوششیں غلامی کی نشانی ہیں۔تقریب استقبالیہ سے پاکستان عوامی تحریک سندھ کے قائدین الحاج ڈاکٹر خواجہ محمد اشرف ،قاضی محمد شفیق،مسعود عثمانی، رائو کامرن محمود،اطہر جاوید صدیقی،مرزا جنید علی،سید ظفر اقبال،لیاقت حسین کاظمی،عبدالواحد قاسمانی،مشتاق صدیقی،الیاس مغل ،مفتی مکرم قادری،فہیم خان،وسیم اختر،رانی ارشد و دیگر نے بھی خطاب کیا جبکہ تقریب میں تحریک منہاج القرآن سندھ کے سرپرست پروفیسر ظہیر اختر،نعیم انصاری،زاہد لطیف ،علامہ مسعود شاہ،سمیت پاکستان عوامی تحریک کے صوبائی،ضلعی،ٹاونز قیادت کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات