تھائی لینڈنمائش اختتام پذیر، درجنوں تجاری معاہدے طے پا گئے

آخری روز لوگوں خصوصا خواتین کی بڑی تعداد پہنچ گئی، پسند کی خریداری کی اگلے سال سے تجارت کے ساتھ تعلیم اور صحت کی نمائش بھی منعقد کریں گے، ڈائریکٹر،تھائی ٹریڈ سینٹر ڈھاکہ مسٹر سوبسک ڈینگ بون رؤنگ

اتوار 24 ستمبر 2017 19:31

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 ستمبر2017ء) تھائی لینڈ کی تین روزہ سنگل کنٹری نمائش کراچی کے نجی ہوٹل میں اختتام پذیر ہو گئی۔ نمائش کے آخری روز لوگوں کی بڑی تعداد پہنچ گئی۔ اسٹالز کا صفایا۔ درجنوں تجارتی معاہدے طے پاگئے۔ تھائی لینڈ حکام کا اگلے سال سے تجارت کے ساتھ تعلیم اور صحت کی نمائش منعقد کرنے کا بھی اعلان کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق یہ تین روزہ نمائش تھائی لینڈ کی وزارت کامرس کے ڈپارٹمنٹ آف انٹرنیشنل ٹریڈاور ایونٹ اینڈ کانفرنس انٹرنیشنل کی جانب سے نجی ہوٹل میں منعقد کی گئی تھی جس میں 45سے زائد کمپنیوں نے اپنی مصنوعات کی نمائش کی۔ اس دوران ان کمپنیوں نے درجنوں تجارتی معاہدے کیے ہیں اور پاکستان میں اپنے ڈسٹری بیوٹرز اور ایجنٹس کا بھی انتخاب کر لیا ۔

(جاری ہے)

نو سال کے وقفے کے بعدتھائی لینڈ کی نمائش کے انعقاد پرلوگوں خصوصا خواتین کی بڑی تعداد پہنچ گئی جہاں انہوں نے اپنی پسند کی بیوٹی پروڈکٹس اور دیگر گھریلو استعمال کی اشیا کی خریداری کی۔نمائش میں فوڈز اینڈ بیوریجز، گارمنٹس، میڈیسن، کاسمیٹک اینڈ فیشن ایکسیسریز، گفٹ اینڈ ڈیکوریشن، ہیلتھ اینڈ بیوٹی، ہاؤس ہولڈ اینڈ کچن وئیر، لیدر اینڈ فٹ وئیر پروڈکٹس سمیت آٹھ مختلف کیٹیگریز کی چیزیں موجود تھیں۔

نمائش کے آخری روز صحافیوں سے گفت گو کرتے ہوئے ڈائریکٹر تھائی ٹریڈ سینٹر ڈھاکہ ، ڈپارٹمنٹ آف انٹرنیشنل ٹریڈ پروموشن، وزارت کامرس تھائی لینڈ مسٹر سوبسک ڈینگ بون رؤنگ Mr. Suebsak Dangboonrueng نے بتایا کہ نمائش انتہائی کامیاب رہی ہے۔ لوگوں کو اپنے شہر میں تھائی لینڈ کی مصنوعات ملی ہیں اور تھائی کمپنیوں کو تجارتی معاہدے کرنے کا موقع ملا ہے اور تقریبا ہر کمپنی نے متعدد ڈیلز کی ہیں۔

اس کے علاوہ انہیں پاکستان سے اپنے ڈیلرز اور ایجنٹس بھی ملے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان اور تھائی لینڈ کے درمیان فری ٹریڈ معاہدہ رواں سال کے اختتام یا نئے سال کے آغا ز میں طے پا جائے گا جس سے نہ صرف مشترکہ تجارت کو بڑھانے کا موقع ملے گا بلکہ پاکستان میں سرمایہ کاری بھی بڑھے گی۔ انہوں نے بتایا کہ تھائی لینڈ کے سرمایہ کاری فری ٹریڈ معاہدے کا انتظار کر رہے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ تھائی لینڈ کی مصنوعات چین کے مقابلے میں زیادہ پائیدار ہیں تاہم قیمت میں تھوڑا زیادہ ہو سکتی ہیں۔ ڈائریکٹر تھائی ٹریڈ سینٹر نے کہا کہ اگلے سال سے وہ تجارت کے ساتھ تعلیم اور صحت کی نمائش کا بھی انعقاد کریں گے کیونکہ وہ سمجھتے ہیں کہ پاکستانیوں کو تھائی لینڈ میں بہت مناسب خرچے میں عالمی معیارکی تعلیم اور صحت کی سہولیات مل سکتی ہیں ۔

تھائی لینڈ ایک آزاد اور پرامن ملک ہے جہاں مسلمانوں سمیت سب کو آزادی سے رہنے کا حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں امن و امان کی صورت حال بہت تیزی سے بہتر ہوئی ہے اور اب غیر ملکی سرمایہ کاری زیادہ دلچسپی لے رہے ہیں۔ قبل ازیں صدر ایف پی سی سی آئی زبیر طفیل نے بھی نمائش کا دوسرے روز دورہ کیا اور منتظمین کی کاوشوں کو سراہا۔

متعلقہ عنوان :