بلدیہ جنوبی کراچی میں صفائی ستھرائی کے عملے کو سہولتوں سے محروم کرنے کے خلاف ملازمین کا احتجاج کرنے کا فیصلہ

اتوار 24 ستمبر 2017 19:31

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 ستمبر2017ء) میونسپل ورکرز یونینز الائنس کا اہم اجلاس کے ایم سی ورکشاپ میں الائنس کے صدر سیدذوالفقارشاہ کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کرتے ہوئے میونسپل ورکرز یونینزالائنس کے صدر سیدذوالفقارشاہ ،جنرل سیکریٹری ملک محمد نواز،بلدیہ جنوبی کے رہنمائوں شاہجان قادر ،پرویز جدون ،محمد طارق ،قاسم شاہ ،حبیب الرحمن نے کہا ہے کہ سندھ سولڈ ویسٹ منیجمنٹ بورڈ انتظامیہ بلدیہ جنوبی کراچی کے ملازمین سے کیے گئے وعدے پورے نہیں کررہی ہے جس سے کسی بھی وقت کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش آسکتا ہے اور بلدیہ جنوبی کا عملہ کسی بھی وقت کام چھوڑ کر احتجاج پر مجبور ہوجائے گا ۔

انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلدیہ جنوبی سے سندھ سولڈ ویسٹ منیجمنٹ بورڈ کے عملے اور چائنا کمپنی کے عملے کے رویئے پر پیر کے روز فائنل مذاکرات ہونگے ۔

(جاری ہے)

اگر وعدے پورے نہ کیے گئے تو پھر بلدیہ جنوبی کراچی میں کام چھوڑ کر ہڑتال کی جائے گی اور کسی صورت بھی اصولوں پر سودے بازی نہیں کی جائے گی ۔وعدوں کی پاسداری نہ کرنے پر سندھ سولڈ ویسٹ منیجمنٹ بورڈ کا بلدیہ جنوبی کراچی سے کیے گئے معاہدے کو عدالت میں چیلنج کرنے پر بھی غور کیا جارہا ہے اور عاشورہ محرم کے دوران کسی بھی وقت بلدیہ جنوبی میں مکمل طور پر صفائی ستھرائی کا کام بھی بند کیا جاسکتا ہے جسکی تمام تر ذمہ داری سندھ سولڈ ویسٹ منیجمنٹ بورڈ انتظامیہ پر عائد ہوگی ۔

متعلقہ عنوان :