ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار اور میئر کراچی وسیم اختر کی بوہرہ کمیونٹی کے روحانی پیشوا ڈاکٹر تفضل سیف الدین سے ملاقات

یہاں آنے کا مقصد ملک میں اتحاد بین المسلمین کو فروغ دینا ہے،وقت کی ضرورت ہے اتحاد بین المسلمین کو آگے بڑھایا جائے ، ڈاکٹر فاروق ستار ڈاکٹر تفضل سیف الدین کی پاکستان آمد اور ہمارے درمیان موجودگی محبت اور یکجہتی کا پیغام ہے بوہرہ کمیونٹی کا کراچی کی ترقی میں نمایاں کردار ہے یہ امن پسند کمیونٹی ہے جس نے ہمیشہ محبت اور رواداری کو فروغ دیا ہے، میئر کراچی وسیم اختر

اتوار 24 ستمبر 2017 19:21

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 ستمبر2017ء) ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار اور میئر کراچی وسیم اخترنے اتوار کی صبح طاہری مسجد صدر میں بوہرہ کمیونٹی کے روحانی پیشوا ڈاکٹر تفضل سیف الدین سے ملاقات کی اور ان کی پاکستان آمد پر نیک خواہشات کا اظہار کیا اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ یہاں آنے کا مقصد ملک میں اتحاد بین المسلمین کو فروغ دینا ہے،یہ وقت کی ضرورت ہے کہ اتحاد بین المسلمین کو آگے بڑھایا جائے ، ڈاکٹر تفضل سیف الدین کی پاکستان آمد اور ہمارے درمیان موجودگی محبت اور یکجہتی کا پیغام ہے، ان کے تمام لوگ اسی طرح امن عالم کے لئے خدمات انجام دیتے ہیں، انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران ہمیں آپس میں اتفاق، محبت اور رواداری کا مظاہرہ کرنا چاہئے اور دنیا پر یہ ثابت کردینا چاہئے کہ ہم امن پسند لوگ ہیں اور اپنے شہر اور ملک کی ترقی کے لئے کوشاں ہیں، میئر کراچی وسیم اختر نے اس موقع پر بوہرہ کمیونٹی کے رہنمائوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بوہرہ کمیونٹی کا کراچی کی ترقی میں نمایاں کردار ہے یہ امن پسند کمیونٹی ہے جس نے ہمیشہ محبت اور رواداری کو فروغ دیا ہے، انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کی آمد کے پیش نظر بلدیہ عظمیٰ کراچی نے شہر کے مختلف علاقوں میں سڑکوں کی مرمت و استرکاری ، اسٹریٹ لائٹس کی بحالی اور صفائی ستھرائی سمیت تمام انتظامات کئی روز پہلے شروع کردیئے تھے اور اب انہیں تیزی سے مکمل کیا جا رہا ہے ، ہماری کوشش ہے کہ محرم الحرام کے دوران شہر میں رواداری اور فرقہ ورانہ ہم آہنگی برقرار رہے اور کراچی کے شہری بہترین ماحول میں اپنی مذہبی رسومات ادا کریں جس کے لئے بلدیہ عظمیٰ کراچی ہر ممکن تعاون کرے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس وقت ہماری ترجیحات میں صفائی اور امام بارگاہوں کے اطراف سڑکوں کی تعمیر اور اسٹریٹ لائٹس کی فراہمی شامل ہے، بوہرہ کمیونٹی نے ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار اور میئر کراچی وسیم اخترکی طاہری مسجد آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا، انہوں نے کہا کہ میئر کراچی کے تعاون سے گزشتہ دنوں بوہرہ فیسٹیول کا فریئر ہال میں انعقاد کیا گیا تھا جس سے بوہرہ کمیونٹی کے ہنرمندوں کو اپنی صلاحیتیں دکھانے کے بھرپور مواقع میسر آئے اور وہ امید کرتے ہیں کہ آئندہ بھی بوہرہ کمیونٹی کے پروگراموں میں بلدیہ عظمیٰ کراچی کا تعاون جاری رہے گا۔