پاکستان اور دوست ملک چین کے درمیان قائم تعلقات وقت کے ساتھ ساتھ مضبوط ہورہے ہیں،گونر سندھ محمد زبیر

چین نے ہمیشہ پاکستان کی مدد کی ہے اور سی پیک منصوبے میں 56 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری اس کی بہترین مثال ہے ، تقریب میں اظہار خیال

اتوار 24 ستمبر 2017 19:21

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 ستمبر2017ء) گونر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ پاکستان اور دوست ملک چین کے درمیان قائم تعلقات وقت کے ساتھ ساتھ مضبوط ہورہے ہیں،چین نے ہمیشہ پاکستان کی مدد کی ہے اور سی پیک منصوبے میں 56 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری اس کی بہترین مثال ہے ،وہ مقامی ہوٹل میں چین کی 68 ویں سالگرہ کے موقع پر اظہار خیال کررہے تھے،اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور کراچی میں تعینات چین کے قونصل جنرل وانگ یو نے بھی اظہار خیال کیا ،تقریب میں سالگرہ کا کیک بھی کاٹا گیا ،جبکہ چین کے تائفے نے فن کا مظاہرہ کیا،گورنر سندھ نے کہا کہ جنوبی ایشیا خطے میں چین اور پاکستان کا اہم رول ہے اور سی پیک جیسے بڑے منصوبے میں شامل ہونے کے لئے دیگر ملکوں کے پاس بھی اچھا موقع ہے،وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ چین اور پاکستان کے درمیان 1949 سے تعلقات قائم ہیں اور ان تعلقات کو مضبوط کرنے میں پیپلزپارٹی کے بانی شہید ذوالفقار علی بھٹو اور چینی رہنماؤں ماوزے تنگ اور چوئنلائی کا اہم کردار ہے ،انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کام کرنے والے چینی ہنر مندوں کو مکمل سیکیورٹی فراہم کی جارہی ہے اور اس سلسلے میں 2000 پولیس اہلکاروں کو فوج کے زریعے تربیت فراہم کی گئی ہے ،جبکہ دیگر 4000 پولیس اہلکار بھی انہیں سیکیورٹی فراہم کرنے کے لئے تیار ہیں،انہوں نے کہا کہ پارٹی کی شہید قائد بے نظیر بھٹو اور سابق صدر آصف علی زرداری نے چین اور پاکستان کے درمیان تعاون کو فرو دیا ہے اور سی پیک جیسا منصوبہ آصف علی زرداری کی کاوشوں کا نتیجہ ہے ،اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چین کے قونصل جنرل وانگ یو نے کہا کہ چین مختلف شعبوں میں پاکستان کی مدد جاری رکھے گا اور تمام تر مختالفتوں کے باوجود سی پیک جیسا اہم منصوبہ ہر صورت مکمل کیا جائے گا،انہوں نے کہا کہ پاکستان میں طبی سہولیات فراہم کرنے کے لئے چین کی میڈیکل ٹیم بھی آئی ہے اور یہ ٹیم طب کے شعبے میں خدمات انجام دیں گے ،تقریب کے آغاز پر دونوں ملکوں کے قومی ترانے بجائے گئے اور تقریب میں مختلف ممالک کے سفارتکاروں،اراکین پارلیمنٹ ،صنعت وسرمایہ کاروں اور اعلیٰ شخصیات نے شرکت کی ۔