2018ء کا الیکشن کارکردگی کی بنیاد پر لڑ کر صوبہ خیبر پختونخوا سمیت مرکز میں حکومت بنائیں گے ،ْ ڈپٹی سپیکر مرتضی جاوید عباسی

پاکستان میں ترقیاتی کام مسلم لیگ (ن) اور نواز شریف کے دور میں ہوئے ، آخری سال ترقیاتی کاموں پر صرف کریں گے ،ْجلسے سے خطاب

اتوار 24 ستمبر 2017 19:20

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 ستمبر2017ء) ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی نے کہا ہے کہ 2018ء کا الیکشن کارکردگی کی بنیاد پر لڑ کر صوبہ خیبر پختونخوا سمیت مرکز میں حکومت بنائیں گے، مسلم لیگ (ن) میں کسی قسم کی کوئی دراڑ نہیں ہے، فارورڈ بلاک کی باتیں کرنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں، پاکستان میں تمام ترقیاتی کام مسلم لیگ (ن) اور نواز شریف کے دور میں ہوئے ہیں، حکومت کے پہلے چار سال معیشت، خارجہ پالیسی، دفاع اور دہشت گردی کے خاتمہ میں صرف کئے ہیں، آخری سال کو متعلقہ حلقوں میں ترقیاتی کاموں پر صرف کریں گے۔

وہ ہفتہ کو کیری رائیکی باگن کالا باغ میں ایک بڑے جلسہ سے خطاب کر رہے تھے۔ مرتضیٰ جاوید عباسی نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) مکمل طور پر متحد ہے، اس میں کسی قسم کی کوئی دراڑ نہیں ہے، فارورڈ بلاک کی باتیں کہنے والے احمتوں کی جنت میں رہتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تمام ترقیاتی منصوبے مسلم لیگ (ن) کے دور میں مکمل ہوئے ہیں، محمد نواز شریف نے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کر دیا ہے، ان کے دور میں میگا پراجیکٹس شروع ہوئے جن کی تکمیل سے ملک معاشی طور پر بہت مضبوط ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف حکومت نے پہلے چار سال معیشت، خارجہ پالیسی، دفاع اور دہشت گردی کے خاتمہ میں صرف کئے ہیں، مسلم لیگ (ن) کی حکومت اپنا آخری سال ملک بھر میں جاری ترقیاتی کاموں پر صرف کرے گی جس کے بعد آئندہ انتخابات کارکردگی کی بنیاد پر لڑیں گے، عوام کارکردگی کی بنیاد پر مسلم لیگ (ن) کو آئندہ انتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیاب کرائیں گے۔

مرتضیٰ جاوید عباسی نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) انتخابات میں کامیابی کے بعد صوبہ خیبر پختونخوا سمیت مرکز میں حکومت بنائے گی، مسلم لیگ کا ورکرز علاقائی سیاست کی بجائے ہمیشہ ملک کے دفاع کیلئے متحد ہوا ہے، ملکی دفاع کیلئے تمام پاکستانی قوم متحد ہے۔ انہوں نے یونین کونسل نتھیاگلی میں ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کیا جن میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی، سڑکوں کے متعدد منصوبوں سمیت بجلی کیلئے متعدد سکیمیں شامل ہیں۔