فیصل آباد ،ْ گٹر کی صفائی کے دور ان دو سگے بھائیوں سمیت تین نو جوان دم گھنٹے کے باعث جاں بحق

ورثاء کا اکبر ۱ٓباد چوک پر متوفیان کی لاشیں سڑک پر رکھ کر کئی گھنٹے احتجاج ،ْواسا کے متعلقہ حکام کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ ٹریفک کا نظام بھی کئی گھنٹے درہم برہم ،ْاعلیٰ پولیس حکام کی جانب سے مقدمہ کے اندراج کی یقین دہانی پر متاثرہ خاندان احتجاج ختم کرنے پر رضامند ہوئے

اتوار 24 ستمبر 2017 19:20

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 ستمبر2017ء) فیصل آباد میں بلال پارک گلی نمبر 4 میں امام بارگاہ کے قریب گٹر کی صفائی کے دوران2 سگے بھائیوں سمیت3 نوجوان زہریلی گیس کے باعث دم گھٹنے سے جاں بحق ہوگئے ،ورثاء نے اکبر ۱ٓباد چوک پر متوفیان کی لاشیں سڑک پر رکھ کر کئی گھنٹے احتجاج کرتے ہوئے واسا کے متعلقہ حکام کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کیا، اس دوران ٹریفک کا نظام بھی کئی گھنٹے درہم برہم رہا تاہم اعلیٰ پولیس حکام کی جانب سے مقدمہ کے اندراج کی یقین دہانی پر متاثرہ خاندان احتجاج ختم کرنے پر رضامند ہوگئے۔

پولیس ذرائع نے بتایا کہ اتوار کی صبح بلال پارک گلی نمبر 4 میں امام بارگاہ کے قریب ایک گٹربند ہوگیا جس کی صفائی کیلئے علاقہ کا رہائشی 27 سالہ نوجوان محمد اشفاق ولد محمد یوسف گٹر میں اتر گیا مگر جب وہ کچھ دیر باہر نہ ۱ٓیا تو وہاں موجود اس کے ساتھیوں کو تشویش ہوئی اس پر علاقہ کا ایک اور 22 سالہ نوجوان اعجاز احمد ولد شوکت علی اسے دیکھنے کیلئے گٹر میں اترا مگر وہ بھی واپس باہر نہ ۱ٓیا۔

(جاری ہے)

اسی اثناء میں اعجاز ولد شوکت کا چھوٹا بھائی 20 سالہ نوجوان شہزاداحمد ولد شوکت علی بھی بھائی کو بچانے کیلئے روکنے کے باوجود گٹر میں اتر گیا اور واپس باہر نہ ۱ٓسکا۔مذکورہ صورتحال دیکھ کر علاقہ کا ایک اور 26 سالہ نوجوان مظہر ولد صادق بھی ساتھیوں کو بچانے کیلئے گٹر میں اترا اور باہر نہ ۱ٓیا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری، ریسکیو 1122 کے ریسکیوئرز اور واسا حکام جائے وقوعہ پر پہنچے اور امدادی سرگرمیوں کا ۱ٓغاز کردیا۔

امدادی ٹیموں نے چاروں نوجوانوں کو گٹر سے نکالا تاہم اس وقت تک ایک نوجوان محمد اشفاق ولد محمد یوسف جاں بحق ہوچکاتھا لیکن باقی نوجوانوں میں زندگی کے ۱ٓثار باقی تھے جنہیں فوری طور پر الائیڈ ہسپتال فیصل ۱ٓباد منتقل کیا گیا مگر وہاں پہنچ کر دونوں حقیقی بھائی اعجاز اور شہزاد پسران شوکت علی بھی دم توڑ گئے تاہم مظہر ولد صادق کی جان بچانے کی سرتوڑ کوشش کی جارہی ہے ، ڈاکٹرز اس کی حالت بھی تشویشناک بیان کررہے ہیں۔

ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ متوفیان کی ہلاکت زہریلی گیس کے باعث دم گھٹنے سے ہوئی ہے۔ واقعہ کے بارے میں واسا کے ترجمان کا کہنا ہے کہ متوفیان نے غیر قانونی طور بلاک سیور لائن توڑنے اور اپنی گھریلو چھوٹی سیور لائن کوٹرنک و مین بڑی سیور لائن سے کنیکٹ کر نے کی کوشش کی جس کے دوران وہ گٹر کی زہریلی گیس کا شکار ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ علاقہ مکینوں کی جانب سے انہیں گٹر بند ہونے کی کوئی با ضابطہ اطلاع نہیں دی گئی تاہم واقعہ کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔واسا کے وائس چیئرمین عرفان منان نے بھی واقعہ کی فوری تحقیقات کی ہدایت کردی ہے۔

متعلقہ عنوان :