نارکوٹکس فری پاکستان سائیکل ریس میں ٹیم کرینک ایڈکس کا کلین سوئپ

ٹیم کرینک ایڈکس کے محمد فرقان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد ریس جیت لی

اتوار 24 ستمبر 2017 19:02

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 ستمبر2017ء) منشیات کے خلاف کراچی میں ہونے والی ’’نارکوٹکس فری پاکستان سائیکل ریس‘‘ میں ٹیم کرینک ایڈکس کے سائیکلسٹوں نے شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے انتہائی تیز رفتاری کا مظاہرہ کیا اور تمام سائیکلسٹوں کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ریس کلین سوئپ کرلی۔ جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ٹیم کے محمد فرقان نے تیز رفتار اسپرنٹ کے ذریعے انتہائی سنسنی خیز مقابلے کے بعد ریس جیت لی۔

محمد فرقان نے 40کلومیٹر کا فاصلہ 52منٹ 30سیکنڈ میں طے کیا۔ سندھ سائیکلنگ ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری ملک کلیم احمد اعوان کی سپر ویژن میں ہونے والی اس سائیکل ریس میں ٹیم کرینک ایڈکس ہی کے دانش نعیم دوسرے اور عمر انیس تیسرے نمبر پر رہے۔ دانش نعیم نے 53منٹ اور عمر انیس نے 53منٹ 5 سیکنڈ میں مقررہ فاصلہ طے کیا۔

(جاری ہے)

ریس کا آغاز مہمان خصوصی کراچی ڈویژن سائیکلنگ ایسو سی ایشن کے صدر میجر (ر) عشرت خان اور پاکستان ایڈونچر سائیکلنگ فیڈریشن کے صدر ڈاکٹر ندیم صدیقی نے فلیگ آف کرکے مشترکہ طور پر کیا۔

سائیکل ریس ویلیج ریسٹورنٹ سی ویو ڈی ایچ اے سے شروع ہوئی اور دو دریا ،کولاچی، ڈی ایچ اے گولف کلب ، رمادا ہوٹل اور عائشہ مسجد سے ہوتی ہوئی دودریا پہنچ کر ختم ہوئی۔ آخر میں میجر (ر) عشرت خان اور ڈاکٹر ندیم صدیقی نے پوزیشن حاصل کرنے والے سائیکلسٹوں میں نقد انعامات اور بیش قیمت گولڈن ٹرافیا ں اور انہیں پوزیشن بیلٹ پہنائے۔ کراچی ٹریفک پولیس کے افسران کو خصوصی شیلڈیں بھی پیش کی گئیں جنہوں نے ٹریفک سیکورٹی کیلئے فول پروف انتظامات کئے تھے۔

متعلقہ عنوان :