گورنر سندھ کی بوہری کمیونٹی کے سربراہ سیدنا مفضل سیف الدین سے طاھری مسجد میں ملاقات

بوہری کمیونٹی صوبہ کی نہایت پر امن برادری ہے، سیدنا صاحب کی کراچی آمد شہر میں امن و امان کی بہتر صورتحال کی عکاس ہے، گورنر سندھ طویل عرصہ کے بعد کراچی میں محرم کی مجالس سے خطاب پر وہ خوش ہیں ، سیدنا مفضل

اتوار 24 ستمبر 2017 19:01

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 ستمبر2017ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے داؤدی بوہرہ کمیونٹی کے روحانی پیشوا سیدنا مفضل سیف الدین سے طاہری مسجد صدر میں ملاقات کی اور محرم الحرام کی مجلس میں بھی شرکت کی۔ وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ ، متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار اور میئر کراچی وسیم اختر بھی اس موقع پر موجود تھے۔

ملاقات کے دوران صوبہ کی تعمیر و ترقی میں بوہری برادری کے کردار،امن و امان کی قیام میں کمیونٹی کی بھرپور مدد اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ گورنر سندھ نے ایک طویل عرصہ کے بعد بوہری کمیونٹی کے سربراہ کی محرم الحرام میں کراچی آمد کا خیر مقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کرتے ہیں کہ وہ آئندہ بھی کراچی میں محرم الحرام کی مجالس منعقد کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بوہری کمیونٹی صوبہ کی نہایت پر امن برادری ہے۔ گورنر سندھ نے مزید کہا کہ سیدنا صاحب کی کراچی آمد شہر میں امن و امان کی بہتر صورتحال کی عکاس ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی ملک کا معاشی حب ہے اور اس کی تجارتی سرگرمیوں میں بوہری کمیونٹی کا اہم کردار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی کراچی کی ترقی میں مضمر ہے جبکہ امن و امان کے قیام کے بعد صوبہ میں کاروبار اور سرمایہ کاری کے لئے انتہائی سازگار ماحول میسر ہے۔

سیدنا مفضل سیف الدین نے کہا کہ ایک طویل عرصہ کے بعد کراچی میں محرم کی مجالس سے خطاب پر وہ خوش ہیں کیونکہ ان کے دادا اور والد بھی کراچی میں مجالس سے خطاب کرچکے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پورے ملک خصوصاً کراچی میں امن کی بحالی کے لئے حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اقدامات قابل تحسین ہیں۔ سیدنا مفضل سیف الدین نے مزید کہا کہ شہر میں ترقیاتی منصوبوں کا آغاز خوش آئند ہے ان کی تکمیل سے شہریوں کو بہترین سفری سہولیات فراہم ہوں گی۔

انہوں نے محرم کے دوران سکیورٹی کی بہترین سہولیات کی فراہمی پر انتظامیہ کا شکریہ بھی ادا کیا۔ دریں اثناگورنر سندھ نے اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے ہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچا جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان کے لئے شہریوں کا بھرپور تعاون بھی ضروری ہے کیونکہ ان کی مدد سے ہی امن کا قیام یقینی بنایا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تمام مسالک کے علماء کا اس بات پر اتفاق ہے کہ ہمیں ایک دوسرے کے عقائد کا احترام کرنا چاہئیے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ حسینیت کا پیغام تمام عالم کے لئے ہے کیونکہ نواسہ رسول ؐ نے اپنی جان کا نذرانہ پیش کرکے اسلام کا پرچم سربلند کیا اور اسے رہتی دنیا تک کے لئے ایک عالمگیر مذہب بنایا۔