ایم کیو ایم پاکستان کی صفوں میں مکمل یکجہتی ہے، دبائو اور دھمکیوں کے ذریعے لوگوں کو دیگر پارٹیوں میں شامل کروانے کا عمل پائیدار نہیں، ڈاکٹرفاروق ستار

چند وکٹیں گرا کر جو خوش ہیں انہیں خوش رہنے دیں، ان کی خوشیاں خاک میں نہیں ملائیں گے، طاہری مسجد کے باہر میڈیا سے گفتگو

اتوار 24 ستمبر 2017 19:01

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 ستمبر2017ء) متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان) کے سربراہ ڈاکٹرفاروق ستار نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم پاکستان کی صفوں میں مکمل یکجہتی ہے۔ دبائو اور دھمکیوں کے ذریعے لوگوں کو دیگر پارٹیوں میں شامل کروانے کا عمل پائیدار نہیں ہے۔ ہماری چند وکٹیں گرا کر جو خوش ہیں انہیں خوش رہنے دیں ہم ان کی خوشیاں خاک میں نہیں ملائیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو طاہری مسجد صدر میں بوہری جماعت کے روحانی پیشوا ڈاکٹر سیدنا مفضل سیف الدین سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی موجودہ صورتحال میں قومی سلامتی اور پاکستان کے عوام کی سلامتی کو فروغ دینے کی اشد ضرورت ہے۔ بوہری جماعت کے روحانی پیشوا کی کراچی آمد اس بات کا عندیہ ہے کہ یہاں جو بھی باتیں ہوں گی ان سے اتحاد بین المسلمین کا پرچار ہوگا۔

(جاری ہے)

آج یہاں جو خطاب ہوا اس کے اثرات پورے ملک پرمرتب ہوں گے۔جو لوگ ہم میں دوریاں پیدا کرنا چاہتے ہیں وہ ناکام ہوں گے۔فاروق ستار نے کہا کہ ایم کیوایم پاکستان میں نوجوان شامل ہو رہے ہیں اور جو لوگ ہمارے قافلے میں ہم سفر بن رہے ہیں وہ اتنے ہیں کہ گنتی ممکن نہیں۔ ہماری وکٹیں گرا کر جو خوش ہیں انہیں خوش رہنے دیں ہم ان کی خوشیاں خاک میں نہیں ملائیں گے۔ ہم مطمئن ہیں اورہماری صفوں میں مکمل یکجہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مختلف حیلوں اور بہانوں سے وفاداریاں تبدیل کرانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی اصلاحات بل 2017 کی حمایت کرنے والے سینیٹرز کے خلاف کارروائی کا فیصلہ تحقیقات کے بعد کیا جائے گا ۔ پارٹی پالیسی کے خلاف ووٹ دینا غلط اقدام ہے جس کی کوئی معافی نہیں۔