اسلام ہی وہ دین ہے جس نے خلق خدا کی خدمت اور بہبود کو اللہ کی خوشنودی سے تعبیر کیا ہے،سیدنا مفضل سیف الدین

مسائل کے حل کیلئے قرآن پاک اور نبی کریمﷺ کی تعلیمات پر عمل کرنا ہوگا۔ یہی کامیابی کا ذریعہ ہے، محرم الحرام کی مجلس سے خطاب

اتوار 24 ستمبر 2017 19:01

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 ستمبر2017ء) دائودی بوہرہ جماعت کے روحانی پیشوا ڈاکٹر سیدنا مفضل سیف الدین نے کہا ہے کہ اسلام امن وآتشی کا دین ہے۔ اسلام ہی وہ دین ہے جس نے خلق خدا کی خدمت اور بہبود کو اللہ کی خوشنودی سے تعبیر کیا ہے۔ ہمیں اپنے مسائل کے حل کے لئے قرآن پاک اور نبی کریمﷺ کی تعلیمات پر عمل کرنا ہوگا۔ یہی کامیابی کا ذریعہ ہے۔

وہ اتوار کو طاہری مسجد صدر میں محرم الحرام کی تیسری مجلس سے خطاب کررہے تھے۔ اس اجتماع میں گورنر سندھ محمد زبیر، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، میئر کراچی وسیم اختر، ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار اور دیگر نے شرکت کی۔ ڈاکٹر سیدنا مفضل سیف الدین نے کہا کہ نبی کریمﷺ اور اہل بیت اطہار نے اللہ تعالیٰ کے پیغام کو عام کرنے اور دین اسلام کی سربلندی کے لئے بڑی قربانیاں دیں۔

(جاری ہے)

ہمیں ان کی قربانیوں سے سبق حاصل کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام اور دیگر اہم شخصیات کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے عزاء امام حسین کی بابرکت مجالس کے انعقاد کے لئے بڑے پیمانے پر انتظامات کئے ہیں، انہوں نے سیدنا طاہر سیف الدین اور سیدنا محمد برہان الدین کے کراچی اور پاکستان سے دیرینہ تعلقات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان دو دہائیوں نے پاکستان کے کئی دورے کئے۔

یہاں مجالس عزا کا انعقاد کیا اور اپنی جماعت کو ملکی ترقی اور خوش حالی میں اپنا حصہ ادا کرنے کی تلقین کی۔ انہوں نے کہا کہ وہ امن و سلامتی اور نفع عام کا پیغام لے کر آئے ہیں۔ انہوں نے پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لئے خصوصی دعا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ پاکستان کو سلامت رکھے او رپاکستان کو خوشحالی اور ترقی کی راہ پر گامزن کرے۔

متعلقہ عنوان :