وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا اقوام متحدہ میں خطاب خوش آئند ہے‘میاں مقصوداحمد

کشمیر کے دیرینہ مسئلے کو حل کرنے کے لیے حکومت کو عملی اقدامات کرنے چاہئیں‘امیر جماعت اسلامی پنجاب

اتوار 24 ستمبر 2017 18:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 ستمبر2017ء) امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصوداحمدنے کہا ہے کہ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا مسئلہ کشمیر کواقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں اجاگر کرنا خوش آئندہے،وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے مسئلہ کشمیر پردوٹوک اور واضح موقف اختیار کرکے در حقیقت پوری پاکستانی قوم کی ترجمانی کی ہے،اب حکومت پاکستان کوکشمیر کے دیرینہ مسئلے کے حل کے لیے عملی اقدامات کرنے چاہئیں تاکہ مظلوم کشمیری عوام کو بھارت کے ظلم سے نجات مل سکے۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روزلاہور میں اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ کشمیر ایک قومی معاملہ ہے۔قائد اعظمؒ نے جموں وکشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قراردیاتھا۔اب وقت آگیا ہے کہ بھارت کی جارحیت کامنہ توڑ جواب دیاجائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر کے مسئلے کو حل کرنے کے لیے اسلامی ملکوں کی تنظیم او آئی سی کو فعال کرداراداکرنا چاہئے۔

اسلامی ممالک بھارت سے اپنے تجارتی وسفارتی روابط منقطع کریں۔انہوں نے کہاکہ مسلمان ملکوں کے مسائل کے حوالے سے اقوام متحدہ کاکردار افسوس ناک ہے۔کشمیر اور فلسطین کے ایشوعالمی ادارے کے پلیٹ فارم پر طویل عرصے سے موجود ہیں مگر یواین او ان اہم مسائل کو حل کرنے میں ناکام رہا ہے۔ اگر کشمیر اور فلسطین کے معاملات حل ہوچکے ہوتے تو دنیا میں حالات مختلف ہوتے۔

انہوں نے کہاکہ اقوام متحدہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم وستم رکوائے۔ہندوستانی افواج کو جموں وکشمیر سے نکالاجائے اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق وہاں استصواب رائے کرایاجائے۔ہندوستان اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمدکرنے سے انکاری ہے۔عالمی برادری بھارت پر دبائوڈالے کہ وہ کشمیریوں کوحق خود ارادیت دے۔میاں مقصوداحمد نے مزیدکہاکہ جب بھی کبھی پاکستان مسئلہ کشمیر کو کسی عالمی فورم پر اٹھاتا ہے بھارت کنٹرول لائن پربلااشتعال گولہ باری کرکے دنیا کی نظریں کشمیر ایشو سے ہٹانے کی کوشش کرتا ہے۔

سیالکوٹ میں ہندوستان کی حالیہ جارحیت میں معصوم پاکستانیوں کو نشانہ بنایا گیاہے۔حکومت پاکستان بھارتی جارحیت کا سختی سے نوٹس لے اور عالمی سطح پر اس معاملے کو اٹھایاجائے۔