آم ،امرود اور کینو برآمدات بڑھانے کیلئے فلائی کنٹرول پروگرام شروع

دنیا بھر میں پاکستانی پھلوں کی مانگ میں غیر معمولی اضافہ ہوجائیگا ،ترجمان محکمہ زراعت

اتوار 24 ستمبر 2017 18:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 ستمبر2017ء)محکمہ زراعت نے آم ،امردو اور کینو کی برآمدات بڑھانے کیلئے فلائی کنٹرول پروگرام شروع کیا ہے پر وگرام پر عمل کرنے سے دنیا بھر میں پاکستانی پھلوں کی مانگ میں غیر معمولی اضافہ ہوجائیگا ترجمان محکمہ زراعت نے کہا کہ پھل کی مکھی کے انسداد کے لئے باغات کی صفائی کا خیال رکھنا بہت ضروری ہے گرے ہوئے اور گلے سڑے پھلوں کو تلف کریں، جنسی پھندے پھل کی مکھی کی مانیٹرنگ کے لئے استعمال کریں، پھل کی مکھی کے پیوپوں کو تلف کرنے کیلئے 4 سے 5 دفعہ گوڈی کریں پختہ چبوتروں پر مکھی سے متاثرہ پھل کو دھوپ میں آٹھ سے نو گھنٹے کے لئے ڈال دیں اس سے پیوپے اور لاروے مر جائیں گے۔

(جاری ہے)

پھل کی مکھی کے متبادل میزبان پودے جیسا کہ امرود کے باغات کے نزدیک کاشت کرنے سے اجتناب کریں۔ ترجمان نے مزید کہا کہ گرے ہوئے پھلوں کی تلفی پھل کی مکھی کو کنٹرول کرنے کا موثر طریقہ ہے چونکہ مکھی اپنی افزائش نسل پھل کے اندر ہی رہ کر کرتی ہے اور بڑی ہوکر پھل سے زمین میں داخل ہو جاتی ہے اور پیوپے کی شکل میں زمین میں رہتی ہے۔ پھر خول اتار کر پروانے کی صورت میں زمین سے باہر آکر نر مادہ ملاپ کرتے ہیں۔ مادہ مکھی ملاپ کے بعد پھر پھل کے اندر انڈے دیتی ہے اور اپنی افزائش جاری رکھتی ہے۔