اتفاق و اتحاد ہمیں سرخرو کرے گا،ملک ندیم کامران

اگر ہم متحد ہوں گے تو ہمارا دشمن ناکام ہو گا ،ضلعی انتظامیہ ،منتخب عوامی نمائندے قانون نافذ کرنیو الے ادارے ،علماء مشائخ مشترکہ لائحہ عمل اختیار کریں،صوبائی وزیر

اتوار 24 ستمبر 2017 18:10

اوکاڑہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 ستمبر2017ء)صوبائی وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ملک ندیم کامران نے کہا ہے کہ اتفاق و اتحاد ہمیں سرخرو کرے گا اور موجودہ حالات میں باہمی الفت و یگانگت کا مظاہرہ ملک دشمن عناصر کا مقابلہ کرنے کے لئے از حد ضروری ہے اگر ہم متحد ہوں گے تو ہمارا دشمن ناکام ہو گا ضلعی انتظامیہ ،منتخب عوامی نمائندے قانون نافذ کرنیو الے ادارے ،علماء مشائخ مشترکہ لائحہ عمل اختیار کریں تاکہ محرم الحرام میں کوئی شر پسند ہمارے اتفاق و اتحاد کو پارہ پارہ کرنے کی جرات نہ کر سکے ۔

تمام صاحب الرائے طبقات اپنی ذاری کو محسوس کریں قومی جذبہ کو مد نظر رکھتے ہوئے عوام کی سلامتی اور وطن عزیز میں اتفاق و اتحاد ،محبت ،بھائی چارہ،الفت و یگانگت کی فضا کو مزید پروان چڑھانے کے لئے آگے آئیں ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی سی آفس کے کمیٹی روم میں ضلعی امن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر ممبر قومی اسمبلی چوہدری ریاض الحق جج،ممبر صوبائی اسمبلی میاں محمد منیر ،ڈپٹی کمشنر صائمہ احد ،ڈی پی او حسن اسد علوی ، چیئرمین ضلع کونسل ملک علی قادر عباس ،صدر انجمن تاجران چوہدری سلیم صادق ،صدر انجمن آڑھتیاں چوہدری حبیب الحق ،اراکین امن کمیٹی ،تاجروں کے نمائندوں سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی ۔

صوبائی وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ملک ندیم کامران نے کہا ہے کہ تحصیل اور ضلع کی سطح پر قائم کئے گئے کنٹرول رومز کی موثر مانیٹرنگ کی جائے تھانہ اور تحصیل کی سطح پر بھی امن کمیٹیوں کے اراکین کو متحرک کیا جائے تاکہ وہ مقامی سطح پر امن و امان کی صورتحال کو بر قرار رکھنے کے لئے اپنا کردارادا کر سکیںکنٹرول رومز میں علماء کے نمائندوں کی شرکت کو یقینی بنایا جائے جبکہ ضلع میں ٹریفک کے بہائو کو رواں دواں رکھنے کے لئے ٹریفک پولیس جامع پلان بنائے محرم کے دنو ں میں لگائی جانے والی سبیلوں اور لنگر لگانے والوں سے سرٹیفکیٹس لئے جائیں اور محکمہ صحت کا عملہ ان سبیلوں اور لنگر کو روزانہ کی بنیاد پر چیک کرے ۔

انہوں نے کہا کہ وال چاکنگ پر پابندی کی خلاف ورزی ،سوشل میڈیا پر قابل اعتراض مواد کی تشہیر کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائی کی جائے ۔انہو ں نے کہا کہ امن کے لئے کام کرنے والے اللہ تعالیٰ کو راضی کرنے کے لئے کام کرتے ہیں اور ہم سب نے اللہ تعالیٰ کو راضی کرنے کے لئے کام کرنا ہے ۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر صائمہ احد نے ضلع میں مجالس اور جلوسوں کے پر امن انعقاد کے لئے کئے گئے اقدامات ،کنٹرول رومز کے قیام ،جلوسوں کے روٹس کی صفائی ستھرائی ،تجاوزات کے خاتمہ ،روٹ کے راستوں کی مرمت،واپڈا کی لٹکتی تاروں کی درستگی ،جنریٹرز،لائٹنگ کے اتنظامات سمیت دیگر معاملات سے متعلق بریفنگ دی۔

ڈی پی او حسن اسد علوی نے سیکیورٹی سے متعلق کئے گئے اقدامات سے متعلق بتایا ۔صوبائی وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ملک ندیم کامران نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ اور منتخب عوامی نمائندے جہاں مناسب سمجھیں واک تھرو گیٹس اور میٹل ڈٹیکٹر ز کی کمی کو پورا کرنے کے لئے نئے واک تھرو گیٹس اور میٹل ڈٹیکٹرز خریدنے کے لئے بھی اقدامات کریں۔اس موقع پر ممبر قومی اسمبلی چوہدری ریاض الحق جج اور ممبر صوبائی اسمبلی میاں محمد منیر نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے ضلع اوکاڑہ امن کا گہوارہ ہے اور اس شہر کی پر امن فضا کو مزید پروان چڑھانے کے لئے انتظامیہ ،علماء مشائخ ،منتخب عوامی نمائندے ،صحافی ،معاشرہ کے صاحب الرائے لوگ اور قانون نافذ کرنیو الے ادارے ل جل کر کام کریں گے ۔

اجلاس سے سید زاہد حسین گیلانی ،کوثر رضوی ،پروفیسر عبداللہ کلیم ،مولانا شکیل احمد ،ظفر اللہ قمر لکھوی ،قاری محمد امین قادری ،چیئرمین میونسپل کمیٹی بصیر پور انعام رسول چھچھر ،صدر انجمن تاجراں چوہدری سلیم صادق نے بھی خطاب کیا ۔ممبران امن کمیٹی نے محرم الحرام کے حوالے سے اپنی اپنی تجاویز پیش کیںاور اپنے تعا ون یقین دہانی کروائی۔