لیفٹیننٹ شہید ارسلان عالم کو ان کے آبائی گاوں گیل سوراسی مری میں سپرد خاک کر دیا گیا

اتوار 24 ستمبر 2017 18:10

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 ستمبر2017ء) پاکستانی چیک پوسٹ پر بھارتی فائرنگ سے جام شہادت نوش کرنے والے لیفٹیننٹ شہید ارسلان عالم کو اتوار کو ان کے آبائی گاوں گیل سوراسی مری میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ نماز جنازہ میں وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی نمائندگی پنجاب کے وزیر محنت و افرادی قوت راجہ اشفاق سرور نے کی ، ان کے علاوہ صوبائی وزیر سپورٹس جہانگیر شجاع خانزادہ ، قائم مقام کمشنر راولپنڈی طلعت محمود گوندل ، سی پی او اسرار احمد عباسی ،اسسٹنٹ کمشنر مری عارف اللہ اعوان، پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما راجہ عتیق سرور ، راجہ دفتر عباسی اعلی فوجی و سول حکام ، بلدیاتی نمائندوں اور تحصیل مری کے دیہی علاقوںسے کثیرتعدادمیں لوگوں نے شہید کے نماز جنازہ میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

شہید ارسلان عالم کو پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیاگیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پنجاب کے وزیر محنت و افرادی قوت راجہ اشفاق سرور نے کہا کہ بھارتی جارحیت ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتی ،پاکستان کی جغرافیائی سرحدوںکی حفاظت اور ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے افواج پاکستان کے شہدا نے اپنے خون سے شجاعت و بہادر ی کی داستانیںرقم کیں ہیں ، ان ماں باپ ، بہن بھائیوں اور عزیز و اقارب کا عزم و حوصلہ قابل قدر ہے جن کے پیاروں نے وطن کی سلامتی کی خاطر جام شہادت نوش کیا، پاکستان کے عوام ان لازوال قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھیں گے ۔

راجہ اشفاق سرور نے کہاکہ ارسلان عالم نے ملک کے دفاع کی طرح اپنی جان کا نزرانہ پیش کرکے ایک تاریخ رقم کی ہے ،شہید کی یہ قربانی رائیگاں نہیںجائے گی ،ملک دشمن عناصر اپنی کاروائیوں میں کامیاب نہیں ہوں گے اور دہشت گرد اپنے عبرتناک انجام کو پہنچیں گے۔انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان نے ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کا جو عزم کر رکھا ہے اس کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا اور عسکری و سیاسی قیادت مل کردہشت گردی کا خاتمہ ممکن بنائے گی۔

راجہ اشفا ق سرور نے کہاکہ خطہ کوہسار شہیدوں اور غازیوںکی سرزمین ہے او ر وطن کے دفاع کی خاطر اپنی جانوں کے نزرانے پیش کرنے والے شہدا ہمارا فخر ہیں۔ پنجاب کے وزیرسپورٹس جہانگیر نے کہا کہ ارسلان شہید جیسے جرات منداور بہادر نوجوان پاکستان دوسروں کے لئے ایک مثال ہیں۔انہوں نے لائن آف کنٹرول اور پاکستانی چوکیوں پر بلا اشتعال بھارتی فوجیوں کی فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہو ئے کہا کہ افواج پاکستان دفاع وطن کی خاطر ہر محاز پر جس طرح سینہ سپر ہو کر دشمن کے ہر وار کو ناکام بنایا اس کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔

متعلقہ عنوان :