بھارت پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کے لیے دہشت گردوں کے ساتھ مل کر پاکستان میںانتشار پھیلانے کی کوشش کر رہا ہے،چودھری برجیس طاہر

بھارتی اخبار کی جانب سے طالبان اور بھارتی خفیہ ایجنسی را کے مابین رابطوں کا اعتراف پاکستان کے موقف کی تصدیق ہے ،وفاقی وزیربرائے امورکشمیر

اتوار 24 ستمبر 2017 18:10

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 ستمبر2017ء) وفاقی وزیر برائے اُمور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمدبرجیس طاہر نے کہا ہے کہ ایک معروف بھارتی اخبار کی جانب سے طالبان اور بھارتی خفیہ ایجنسی را کے مابین رابطوں کا اعتراف پاکستان کے اس موقف کی تصدیق ہے کہ جس کے تحت بھارت پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کے لیے دہشت گردوں کے ساتھ مل کر پاکستان میںانتشار پھیلانے کی کوشش کر رہا ہے۔

انہوںنے کہاکہ پاکستان میں ہونے والے دہشت گردی کے درجنوں واقعات میں بھارت کے ملوث ہونے کے واضح ثبوت ملے ہیں۔انہوںنے کہاکہ بھارتی نیوی کے حاضر سروس افسر کلبھوشن یادیو کی گرفتاری اور اُسکی جانب سے پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات میں ملوث ہونا اس امر کا واضح ثبوت ہے کہ بھارت پاکستا ن کو غیر مستحکم کرنے اور دہشت گردی کو ہوا دینے کے لیے دہشت گرد تنظیموں سے گٹھ جوڑ کیے ہوئے ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارت کے اسی منفی کردار کی وجہ سے پاکستان بھارت کے افغانستان میں کسی بھی قسم کے رول کے مخالف ہے جس کا واضح اظہار وزیر اعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر کیا۔ انہوںنے کہا کہ بھارت کا افغانستان میں منفی کردار پاکستان کی سلامتی کے لیے خطرناک ہے اور بھارت کے ان مذموم ہتکھنڈوں اور ارادوں کا خود بھارت کے ایک بڑے اور معروف اخبار نے اعتراف کیا ہے۔

انہوںنے کہاکہ افغانستان اور خطے میں میںقیام امن کے لیے ضروری ہے کہ بھارت اور دہشت گرد تنظیموں کے گٹھ جوڑ کو ختم کیا جائے۔ انہوںنے کہا کہ تاریخ شاہد ہے کہ بھارت نے ہمیشہ خطے کی سلا متی کے منافی اقدامات کیے ہیں اور وہ ستر سال سے مقبوضہ کشمیر پر غیر قانونی تسلط قائم رکھنے کے لیے وہاں ظلم وتشدد کا بازار گرم کیے ہوئے ہے انہوں نے کہا کہ بھارت درجنوں کالے قوانین اور ظالمانہ ہتکھنڈوں کی بدولت کشمیریوں کی نسل کشی کر رہا ہے تاکہ کشمیریوں کے حق خود ارادیت کو دبایا جاسکے۔

وفاقی وزیر نے کہاکہ جس موثر انداز سے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے مسئلہ کشمیر سمیت پاکستان کے موقف کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں خطاب کے موقع پر پیش کیا وہ قابل تعریف ہے۔انہوںنے کہا کہ وزیراعظم نے اپنے دورہ امریکہ کے دوران پاکستان کو بطور ایک ذمہ دار ملک کے پیش کیا جو خطے کی سلامتی اورامن میں اپنی ذمہ داریاں خلوص نیت سے نبہا رہا ہے۔

انہوںنے کہاکہ پاکستان اپنے قومی مفاد میں دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رکھے گا اور پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیابی آج پوری دُنیا کے سامنے ہے انہوں نے کہاکہ فاٹا میران شاہ جو 2013 ء سے قبل بدامنی اور انتشار کاشکار تھا جوآج مسلم لیگ ن کی حکومت کی پالیسیززاور پاک فوج اور سیکیورٹی اداروں کی قربانیوں کے باعث امن کا گوارہ بن چکا ہے اور وہاں پر کرکٹ کے میچز کاکامیاب انعقاد کیاجارہا ہے ۔

انہوںنے کہاکہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف بے پناہ قربانیاں دی ہیں اور اب وقت آ گیا ہے کہ دُنیا پاکستان کی ان قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھے اور خطے کے استحکام کیلئے اپنی ذمی داریاں خلوص نیت سے پوری کرے۔انہوں نے کہاکہ جنوبی ایشیاء میں قیام امن کے لیے ضروری ہے کہ بھارت خطے میںدہشت گردی کو ہوا دینے جیسی مذموم کاروائیوںسے باز رہے اور مسئلہ کشمیر کا حل کشمیری عوام کی اُمنگوں کے عین مطابق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوںکی روشنی میںکیا جائے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان دُنیا کے تمام فورمز پر خطے میں بھارت کے منفی کردار اور اس کے دہشت گرد تنظیموں سے گٹھ جوڑ کو بے نقاب کرتا رہے گا اور ساتھ ہی ساتھ اپنے کشمیری بھائیوں کی سیاسی، سفارتی و اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔

متعلقہ عنوان :