لوگوں کے مسائل کو کم کرنے کے لیے نجی شعبے کو بھی آگے آنا چاہیے، راجہ جاوید اخلاص

اتوار 24 ستمبر 2017 17:51

کلرسیداں۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 ستمبر2017ء) وفاقی پارلیمانی سیکرٹری راجہ جاوید اخلاص نے کہا ہے کہ لوگوں کے مسائل کو کم کرنے کے لیے نجی شعبے کو بھی آگے آنا چاہیے، حکومت بھی تعاون کرے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سوئی چیمیاں میں العزیز میڈیکل سینٹر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا جہاں تنویر اختر شیرازی نے سپاسنامہ پیش کیا چئیر مین یوسی ملک شیر افگن نے بھی مسائل کی نشاندہی کی۔

ڈاکٹرشاہد عزیز اعوان اور ڈاکٹر عثمان عزیز نے سہولیات کے بارے میں بریفنگ دی۔راجہ جاوید اخلاص نے کہا کہ ن لیگ کو جب اقتدار ملا تو خزانہ خالی تھا ،دہشتگردی پورے عروج پر تھی ،توانائی بحران نے لوگوں کو نفسیاتی مریض بنا رکھا تھا، بے روزگاری عام تھی ،مسلم لیگ ن نے چار سال سے کم عرصے میں دہشتگردوں کی کمر توڑی ، توانائی کے بحران پر قابو پایا،گیس کی روانی ممکن بنائی صنعتوں کا پہیہ آج دن رات چل رہا ہے تعمیر و ترقی کے کام پور ے ملک میں جاری ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے سوئی چیمیاں کے لیے بھی سوئی گیس کی منظوری دے دی ہے ،مرکز صحت اور مقامی مدارس کی اپ گریڈیشن کی منظوری ہو چکی ہے پچاس رابطہ سڑکیں تعمیر کر رہے ہیں جن میں وسلہ سے ڈھوک بھٹیاں،چلو سے جاگیر ،مرزا کمبیلی سے میرہ اور سوئی چوک سے سنگنی قلعہ تک کی سڑکیں شامل ہیں۔منصوبوں کی تکمیل سے عوام کی مشکلات ختم ہو جائیں گی۔