پاکستان ہلال احمر سوسائٹی سندھ کا سہ سالہ جنرل اجلاس

اتوار 24 ستمبر 2017 17:31

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 ستمبر2017ء) گورنر سندھ اور سندھ ھلا ل احمر سوسائٹی کے صدر محمد زبیر کی سربراہی میں سوسائٹی کا سہ سالہ جنرل اجلاس گورنر ہائوس میں منعقد ہوا۔ اتوار کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں اگلے تین سال کی مدت کے لئے شہناز حامد کو سوسائٹی کا چیئرپرسن جبکہ سردار یسین ملک کو نائب صدر منتخب کیا گیا جبکہ ڈاکٹر جنید علی شاہ، ڈاکٹر فرحان عیسیٰ، سیما عادل، ڈاکٹر زبیر مرزا، سیکریٹری صحت اور ڈائریکٹرجنرل پی ڈی ایم اے کو منیجنگ کمیٹی کا رکن منتخب کیا گیا۔

گورنر سندھ نے اس موقع پر مدت پوری کرنے والی چیئرپرسن مسز فرزانہ نائیک اور ان کی زیر قیادت کام کرنے والی مینجمنٹ کمیٹی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 3 سال کے دوران ہلال احمر سوسائٹی سندھ نے محدود وسائل کے باوجود نمایاں کام کیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سیلاب، دیگر قدرتی آفات اور حادثات کے دوران ہلال احمر کی خدمات نمایاں رہی ہیں۔

انہوں نے سوسائٹی کی جانب سے اسکول سیفٹی پروگرام کا آغاز وقت کی اہم ضرورت ہے کیونکہ طالب علموں اور اساتذہ کو کسی حادثہ یا دہشت گردی کے واقعہ کی صورت میں اپنے تحفظ کے اقدامات سے آگاہ کرنا ایک زبردست کاوش ہے جس کے لئے ناروے کی ریڈ کراس کا تعاون بہت خوش آئند ہے ۔ گورنر سندھ نے کہا کہ ہلال احمر کراچی کے علاوہ صوبہ کے دیگر 16 اضلاع میں کام کر رہی ہے جبکہ اس کے دائرہ کار کو پورے صوبہ تک بڑھانے کی ضرورت ہے تاکہ صوبہ بھر کے عوام اس کی خدمات سے فائدہ اٹھا سکیں۔

گورنر سندھ نے سوسائٹی کی جانب سے ایمرجنسی آپریشن سینٹر اور اربن ڈیزاسٹر ریسپانس ٹیم (Urban Disaster Response Team)کے منصوبوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی تکمیل سے صوبہ بھر میں کسی حادثے یا ناگہانی آفت کی صورت میں فوری مدد کا ایک بہترین نظام عمل میں آئے گا اور قیمتی انسانی جانیں اور املاک کے تحفظ کو یقینی بنایا جاسکے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہلال احمر کو اگلے تین سال کے احداف کو واضح طور پر متعین کرکے عمل کرنا ہوگا جس کے لئے ان کی ہر ممکن مدد سوسائٹی کے ساتھ ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ سوسائٹی کو خصوصاً نوجوان والینٹرز کی خدمات حاصل کرنے پر توجہ دینا ہوگی تاکہ مزید موثر اور فعال انداز میں انسانی خدمت کا فریضہ انجام دیا جاسکے۔ اس موقع پر سوسائٹی کے سیکریٹری کنور وسیم نے گورنر سندھ کو سوسائٹی کی کارکردگی، مسائل ، احداف اور مستقبل کے منصوبوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ بھی دی۔ اجلاس کے دوران گزشتہ سہ سالہ اجلاس کی کاروائی 2014ء سے 2016ء تک آڈٹ شدہ حسابات اگلے تین سال کے لئے آڈیٹر کی تقرری کی منظوری بھی دی گئی۔

متعلقہ عنوان :