ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کے دروازے کھلنا شائقین کرکٹ کیلئے حوصلہ افزاء اقدام ہے ، آل رائونڈر عبدالرزاق

پاکستانی عوام کے چہروں کی خوشیاں لوٹ آئی ہیں، میران شاہ میں کرکٹ میچ کا انعقاد اچھی کاوش ہے، دنیا میں واضح پیغام گیا پاکستان ایک محفوظ ملک ہے، کسی بھی حصے میں سپورٹس کی سرگرمیاں ممکن ہیں، علاقائی کرکٹ کو بہتر بنانے اور نئے ٹیلنٹ کی تلاش کیلئے جاری اقدامات خاصے اثر انداز ثابت ہوئے ، آل رائونڈر عبدالرزاق کی میڈیا نمائندوں سے خصوصی گفتگو

اتوار 24 ستمبر 2017 17:00

شیخوپورہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 ستمبر2017ء) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سپر سٹار آل رائونڈر عبدالرزاق نے کہا ہے کہ ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کے دروازے کھلنا شائقین کرکٹ کیلئے نہایت حوصلہ افزاء اقدام ہے جس سے پاکستان عوام کے چہروں کی خوشیاں لوٹ آئی ہیں، میران شاہ میں کرکٹ میچ کا انعقاد ایک اچھی کاوش ہے جس سے دنیا میں واضح پیغام گیا ہے کہ پاکستان ایک محفوظ ملک ہے جس کے کسی بھی حصے میں سپورٹس کی سرگرمیاں ممکن ہیں، علاقائی کرکٹ کو بہتر بنانے اور نئے ٹیلنٹ کی تلاش کیلئے جاری اقدامات خاصے اثر انداز ثابت ہوئے ہیں جس سے نیا ٹیلنٹ سامنے آیا ہے جو انٹرنیشنل کرکٹ میں پاکستان کا نام روشن کرنے کا ذریعہ ثابت ہوگا،ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بائولر رانا نوید الحسن کرکٹ اکیڈمی کے دورہ کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا، سابق آل رائونڈر عبدالرزاق نے کہا کہ زمبابوے کے بعد ورلڈ الیون کی پاکستان آمد سے ملک کے اندر انٹر نیشنل کرکٹ کے دروازے کھلنے میں بڑی مدد مل رہی ہے، پاکستان ایک پرامن ملک ہے اور اس کے بغیر کرکٹ کا حسن مکمل نہیں ہوسکتا، پاکستان کرکٹ بورڈ کی طرف سے انٹر نیشنل کرکٹ کی بحالی کیلئے اقدامات قابل ستائش ہیںاور ان کے اقدامات کی بدولت اب آہستہ آہستہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی میں بڑی مدد مل رہی ہے، پاکستان میں کرکٹ کا مستقبل روشن ہے یہاں پر کرکٹ کا بہت ٹیلنٹ ہے جسے تلاش کرنے کیلئے کرکٹ بورڈ کو مزید اقدامات اٹھانا ہوں گے اس ضمن میں کرکٹ اکیڈمیوں کا قیام نیک شگون ہے ، انہوں نے کہا کہ کرکٹ سے ریٹائرڈ منٹ کے بعد بھی وہ کرکٹ کے فروغ کیلئے اپنی خدمات انجام دیتے رہیں گے کیونکہ اس کھیل نے مجھے دولت شہرت اور عزت سے نوازا، پاکستانی قوم نے جس طرح مجھے سے ریٹائرڈننٹ کے بعد بھی محبت کا اظہار کیا ہے وہ میرے لئے بہت بڑا سرمایہ اور اثاثہ ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کرکٹ کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے جسے تلاش کرنے کیلئے گراس روٹ لیول پر کرکٹ کیڈمیوں کا قیام ، کرکٹ کلبوں کی سرپرستی اور تعلیمی اداروں میں کرکٹ کی برسری حاصل کرنے کیلئے ایسا کرنے کی ضرورت ہے اور اس کیلئے میری خدمات کرکٹ بورڈ کیلئے حاضر ہیں، انہوں نے کہا کہ ہمیں کھلاڑی سے زیادہ اپنے ملک کے وقار، عزت و احترام ہر حال میں مقدم ہے جس نے ہمیں نام مقام اور عزت دی ہے ، انہوں نے رانا نوید الحسن کرکٹ اکیڈمی کے مختلف شعبوں کا بھی دورہ کیا اور کہا کہ شیخوپورہ جیسے ایک پسماندہ ضلع میں اتنی بڑی کرکٹ اکیڈمی کا قیام ایک حوصلہ افزاء قدم ہے، شیخوپورہ نے کرکٹ کے میدان میں کئی نامور کھلاڑی پیدا کئے ہیں اور امید ہے کہ آئندہ بھی اس سرزمین سے مزید سٹار پیدا ہو کر پاکستان کا نام دنیا ئے کرکٹ میں روشن کریں گے۔

متعلقہ عنوان :