امریکہ نے پاکستان کو انسداد منشیات آپریشنز کیلئے دیئے گئے پانچ ہیلی کاپٹرز واپس مانگ لئے

امریکی محکمہ داخلہ نے وفاقی وزارت داخلہ کو 15اکتوبر تک ہیلی کاپٹرز کی واپسی یقینی بنانے کا عندیا دیدیا ‘ حکومت پاکستان نے امریکہ سے ہیلی کاپٹرزواپس نہ مانگنے کے معاملے پر لابنگ شروع کردی

اتوار 24 ستمبر 2017 17:00

امریکہ نے پاکستان کو انسداد منشیات آپریشنز کیلئے دیئے گئے پانچ ہیلی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 ستمبر2017ء) امریکی صدر ٹرمپ کی پالیسیوں کی روشنی میں امریکہ نے پاکستان کو انسداد منشیات آپریشنز کے لئے دیئے گئے پانچ ہیلی کاپٹرز واپس مانگ لئے‘ امریکی محکمہ داخلہ نے وفاقی وزارت داخلہ کو 15اکتوبر تک ہیلی کاپٹرز کی واپسی کو یقینی بنانے کا کہا ہے‘ حکومت پاکستان نے امریکہ سے ہیلی کاپٹرزواپس نہ مانگنے کے معاملے پر لابنگ شروع کردی۔

اتوار کو ذرائع کے مطابق پاکستان کے قبائلی علاقوں اور بلوچستان میں انسداد منشیات کے جاری آپریشنز کے لئے امریکی حکومت کی طرف سے سابق صدر پرویز مشرف کے دور میں پانچ ہیلی کاپٹرز فراہم کئے گئے تھے جو اے این ایف کے زیر استعمال ہیں تاہم اس کا انتظامی کنٹرول وزارت داخلہ کے پاس ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق امریکی صدر ٹرمپ کی پالیسیوں کی روشنی میں پاکستان کے ساتھ جہاں دیگر شعبوں میں تعاون کو آگے نہیں بڑھایا جارہا اور پاکستان پر دبائو ڈالا جارہا ہے وہاں امریکی محکمہ داخلہ نے انسداد منشیات آپریشنز کے لئے فراہم کردہ پانچ ہیلی کاپٹرز بھی واپس مانگ لئے ہیں اور ہیلی کاپٹرز کی واپسی کے لئے پندرہ اکتوبر کی ڈیڈ لائن دی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق وفاقی سیکرٹری داخلہ نے امریکی محکمہ داخلہ کو خط لکھنے کا فیصلہ کیا ہے جس میں امریکہ کو درخواست کی جائے گی کہ وہ یہ ہیلی کاپٹرز پاکستان میں رہنے دے اگر ہیلی کاپٹرز واپس کردیئے گئے تو اس سے انسداد منشیات کے لئے جاری آپریشنز متاثر ہوں گے۔