شفا انٹرنیشنل ہسپتال کی جانب سے دل کے عالمی دن پر کوہ پیمائی پروگرام کا انعقاد کیا گیا

دل کی بیماری کا ایک اہم سبب تمباکو نوشی بھی ہے جسے ترک کر کے دل کی بیماری سے بچا جا سکتا ہے ،ْمقررین کا خطاب

اتوار 24 ستمبر 2017 15:40

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 ستمبر2017ء)معاشرے میں صحت کے بارے میں آگہی کی مسلسل کوششوں کو برقرار رکھتے ہوئے شفا انٹرنیشنل ہسپتال اسلام آباد نے دل کے عالمی دن کے موقع پر ہائیکنگ (کوہ پیمائی) کا اہتمام کیا ۔ لوگوں کی کثیر تعداد جن میں ڈاکٹرز ،شفا کے ملازمین کے ساتھ ساتھ معاشرے کے دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی ایک بڑی تعداد نے حصہ لیا۔

اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے سی ڈی اے کے ایگزیکٹو ڈائیریکٹر جنرل اور رکن ماحولیات ،جناب ثناء اللہ امان جو تقریب کے مہمان خصوصی تھے نے شرکاء کو صحت مند طرز زندگی کیلئے ورزش کی اہمیت سے آگاہ کیا اور بتایا کہ ہائیکنگ جیسی سر گرمیوں کا دل کی بیماریوں،بلڈ پریشر اور دیگر بیماریوں کی روک تھام میں نہایت اہم کردار ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے دل کے عالمی دن کے حوالہ سے ہائیکنگ جیسی صحت مند سرگرمی کے انعقاد پر شفا انٹرنیشنل ہسپتال کی کوششوں کو سراہا اور اس ضمن میں بھرپور تعاون کا یقین دلایا ۔

شفا انٹرنیشنل ہسپتال اسلام آباد کے دل کے امراض کے ماہر ڈاکٹر اسد علی سلیم نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نامناسب غذا اور جسمانی غیر فعالیت دل کی بیماریوں، دماغی بیماریوں،کینسر اور ذیابیطس جیسی جان لیوا بیماریوں کا سبب بنتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ دل کی بیماری کا ایک اہم سبب تمباکو نوشی بھی ہے جسے ترک کر کے دل کی بیماری سے بچا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی یوم قلب عوام الناس کو دل کے حوالہ سے اپنی صحت کی نگہداشت اور بہتری کے بارے میں آگہی کیلئے منایا جاتا ہے۔شفا انٹرنیشنل ہسپتال کے چیف آپریٹنگ آفیسر عزیز احمد جان نے شرکاء کا تقریب میں شرکت پر شکریہ ادا کیا اور میڈیا سے اپیل کی کہ وہ معاشرے میں صحت کے حوالے سے آگاہی کے اہم کام میں اپنا موثر کردار ادا کرے ۔ہائیکنگ کے شرکاء نے شفا انٹرنیشنل ہسپتال کی ہائیکنگ جیسی صحت مند سر گرمی کے انعقاد پر سراہا اور آئندہ بھی اس طرح کی سرگرمیوں کے انعقاد پر زور دیا۔