سرگودھا: حکومت عوام کے مسائل کو نچلی سطح پر حل کرنے کے لئے پر عزم ہے ،محسن شاہ نواز رانجھا

اتوار 24 ستمبر 2017 15:00

سرگودھا۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 ستمبر2017ء)وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور بیرسٹر محسن شاہ نواز رانجھا نے کہاہے کہ حکومت عوام کے مسائل کو نچلی سطح پر حل کرنے کے لئے پر عزم ہے ، غریب افراد کے دکھوں کا مداوامسلم لیگ ن کی قیادت کا نصب العین ہے ۔ وہ چک نمبر 75 جنوبی کے رہائشی امتیاز احمد کووزیر اعلیٰ پنجاب کی طرف سے پانچ لاکھ روپے کامالی امداد کا چیک دینے کے موقع پر بات چیت کررہے تھے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حلقہ این اے 65میں اربوں روپے کی لاگت سے تعمیراتی منصوبے مکمل کئے جاچکے ہیں جبکہ درجنوں پر کام جاری ہے ۔ واضح رہے کہ 26جولائی کو شدید بارش کے باعث چک نمبر75جنوبی کے رہائشی امتیاز احمد کے مکان کی چھت گرنے سے امتیاز احمد او راس کے بچے زخمی ہوگئے تھے جبکہ اس کی اہلیہ انتقال کر گئی تھی ۔ سانحہ کا وزیر اعلیٰ پنجاب نے نوٹس لیتے ہوئے متاثرہ شخص کیلئے پانچ لاکھ روپے کی مالی امداد کا اعلان کیا تھا۔