بھارت میں آوارہ کتوں نے 4سالہ بچے کو مار ڈالا ، ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل

اتوار 24 ستمبر 2017 14:41

بھارت میں آوارہ کتوں نے 4سالہ بچے کو مار ڈالا ، ویڈیو سوشل میڈیا پر ..
نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 ستمبر2017ء) بھارت میں آوارہ کتوں نے 4سالہ بچے کو مار ڈالا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ۔برطانوی اخبار ڈیلی میل کے مطابق میڈیا اور سوشل میڈیا میں ایک چار سالہ بھارتی بچے کی وڈیو گردش میں ہے جس پر 17 کتوں نے حملہ کر دیا تھا۔ آوارہ کتے نصف گھنٹے تک پراوین کمار نامی بچے کو بھنبھوڑتے رہے مگر کوئی اس کی مدد کے لیے آگے نہ بڑھا۔

ڈیلی میل کے مطابق جنوبی بھارت کے شہر گنتار میں پراوین کمار دیگر بچوں کے ساتھ سڑک پر کھیلنے کے لیے اپنی بہن کے ساتھ گھر سے نکلا تھا کہ ان کتوں کے نرغے میں آ گیا۔ کتوں نے بچے کے جسم کے تمام حصوں کو نوچ ڈالا جن میں چہرہ ، ہاتھ ، سینہ ، کندھے اور پنڈلیاں شامل ہیں۔ بعد ازاں تمام کتے پراوین کو خون میں لت پت چھوڑ کر بھاگ گئے۔

(جاری ہے)

پراوین کے غریب والدین اپنے بچے کو شدید زخمی حالت میں قریبی ہسپتال لے کر پہنچے مگر خون زیادہ بہہ جانے کے سبب وہ دم توڑ گیا۔

پراوین کے 32 سالہ باپ یسو کمار کا کہنا ہے کہ پڑوسیوں نے بچے پر کتوں کے حملے کی آواز سنی تھی مگر وہ اس کی مدد کرنے کے بجائے موبائل سے وڈیو بنانے میں مصروف رہے۔پراوین کی 28 سالہ ماں مالیسوری نے ایک ہفتہ قبل مقامی حکام کو شکایت درج کرائی تھی کہ اس کے گھر کے اطراف آوارہ کتوں کی بھرمار ہو چکی ہے۔ مالیسوری نے مقامی میونسپلٹی پر الزام عائد کیا کہ علاقے میں آوارہ کتوں کے خاتمے کے لیے اقدامات میں غفلت کے سبب اس کا بیٹا اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔

متعلقہ عنوان :