بھمبر بلدیہ ملازمین کی ہڑتال پانچویں روز میں داخل ہو گئی ، پورا شہر گندگی کا ڈھیر بن گیا

ْ ہر طرف سخت تعفن پھیل گیا ، بیماریاں بھی پھیلنے لگیں ، حکومت کے کانوں پر جوں تک نہ رینگی

اتوار 24 ستمبر 2017 14:31

بھمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 ستمبر2017ء) بھمبر بلدیہ ملازمین کی ہڑتال پانچویں روز میں داخل ہو گئی ، پورا شہر گندگی کا ڈھیر بن گیا ، ہر طرف سخت تعفن پھیل گیا ، بیماریاں بھی پھیلنے لگیں ، حکومت کے کانوں پر جوں تک نہ رینگی ، شہریوں میں غم و غصہ پھیلنے لگا ، حکومت سے فوری توجہ لینے کا مطالبہ ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق پورے آزاد کشمیر بھر کی طرح بھمبر میں بھی بلدیہ ملازمین نے اپنی تنخواہوں کی عدم دستیابی اور اڈہاک ملازمین کو حکومتی نوٹفکیشن کے مطابق 14000روپے پوری تنخواہ نہ ملنے پر احتجاج ہڑتال کر رکھی ہے جسکو آج پانچ روز ہو چکے ہیں ملازمین کا موقف ہے کہ ہمیں ایک تو بروقت تنخواہ نہیں ملتی ہمارے ریٹائر ہونے والے ملازمین کی پنشن بھی کئی کئی ماہ تک انہیں نہیں دی جاتی جس کی وجہ سے ہمیں سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے ہم بھی ریاستی ملازمین ہیں لیکن محکمہ مالیات ہمارے ساتھ یکسر ناانصافی کرتا ہے اس کے باوجود حکومت ہمارے ساتھ انصاف نہیں کرتی دیگر محکمہ جات کی طرح ہم بھی اپنی ڈیو ٹیاں احسن طریقہ سے انجام دیتے ہیں لیکن پھر ہمیں ہر ماہ باقاعدگی سے تنخواہ کیوں نہیں ملتی ملازمین کا کہنا ہے کہ محکمہ میں جو ایڈہاک ملازمین کام کر رہے ہیں جن کے حوالے سے حکومت نے باقاعدہ نوٹفکیشن جاری کیا تھا کہ ان کی تنخواہ چودہ ہزار روپے ہو گی لیکن اس کے باوجود کسی کو 7تو کسی کو صرف 8ہزار روپے تنخواہ دی جاتی ہے جو کہ سراسر ظلم و زیادتی ہے دوسری طرف بلدیہ کے خاکروب ملازمین جو کہ اس ہڑتال میں شامل ہیں اس ان کی وجہ سے شہر بھر میں صفائی نہ ہونے کی وجہ سے پورا شہر گندگی کا ڈھیر بن چکا ہے ہر طرف کوڑا کرکٹ کے ڈھیر پڑے حکومتی عدم توجہی کا منہ چڑا رہے ہیں جبکہ پانچ روز گزر جانے کے بعد بھی حکومت کی طرف سے اس اہم مسلہ کی طرف کوئی نوٹس نہ لینے اور صفائی نہ ہونے کی وجہ سے شہر بھر میں بیشتر شہریوں کے اچانک بیمار ہوجانے کی بھی اطلاعات ملی ہیں جن اکثریت بچوں کی ہے کیونکہ شہر بھر میں سخت تعفن پھیل جانے سے ان کوڑا کرکٹ کے ڈھیروں میں کیڑے پیدا ہونا شروع ہو گئے ہیں اس تمام صورتحال کے بعد شہریوں میں غم و غصہ کی فضا پھیل گئی ہے جو بڑے ااحتجاج کا پروگرام بھی بنا رہے ہیں جن کا کہنا ہے کہ حکومت کی طرف سے ملازمین کی ہڑتال کا نوٹس نہ لینا سراسر زیادتی ہے سماجی شخصیات جن میں المصطفی ویلفیر سوسائٹی کے سابق مرکزی رہنما یاسر نذیر ، انجمن طلبہ اسلام کے مرکزی رہنما محمد احمد رضا ، ممتاز تاجر رہنما رضوان بشیر صراف ، جعفریہ سپریم کونسل کے مرکزی جنرل سکریٹری سید ماجد علی گیلانی اور دیگر نے کہا کہ حکو مت فل فور بلدیہ ملازمین کے مطالبات کے حل کے لئے کام کرتے ہوئے ان کی ہڑتال کو ختم کروائے تاکہ شہر بھر کی صفائی ہو سکے تا کہ مذید بیماریاں نہ پھیلنے پائیں ورنہ ہم شہر بھر میں حکومت کے خلاف سخت احتجاج کریں گے ۔