معاشرتی مسائل کے باعث چنیوٹ میںایڈز سے متاثرہ مریضوں کے نام صیغہ راز میں رکھے گئے ہیں‘وزیر صحت

ایڈ ز کنٹرول پروگرام سے منسلک کر کے علاج معالجہ شروع کر دیا گیا، سکریننگ مراحل کا ڈیٹا مرتب کیا جارہا ہے‘ خواجہ عمران نذیر

اتوار 24 ستمبر 2017 14:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 ستمبر2017ء) صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے کہا ہے کہ چنیوٹ میں سامنے آنے والے ایڈ ز کے مریضوں کے نام صیغہ راز میں رکھے گئے ہیں تاہم انہیں ایڈ ز کنٹرول پروگرام سے منسلک کر کے ان کا علاج معالجہ شروع کر دیا گیا ہے ،سکریننگ مراحل کے بعد تمام ڈیٹا مرتب کیا جارہا ہے جس میں مختلف بیماریوں بارے صحیح اعدادوشمار سامنے آ سکیں گے ۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر صحت نے کہا کہ صوبہ بھر میں سکریننگ کیمپ لگائے گئے ہیں اور اس سے نہ صرف ڈیٹا مرتب کیا جارہا ہے بلکہ مریضوں کا فوری علاج بھی شروع کرایا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مختلف جگہوں سے شکایات موصول ہوئی تھیں اور اس میں چنیوٹ بھی شامل ہے جہاں ایڈز سے متاثرہ کچھ مریضوں کی موجودگی کی اطلاعات موصول ہوئیں ۔

(جاری ہے)

اس کے بعد یہ بھی دیکھا گیا کہ کسی رشتے کیوجہ سے یہ مرض کسی دوسرے شخص کو منتقل تو نہیں ہو ا تو ایسی کوئی رپورٹ موصول نہیں ہوئی ۔

ہمارے معاشرے کے جو مسائل ہیں اس وجہ سے ان تمام لوگوں کے نام صیغہ راز میں رکھے جارہے ہیں تاہم انہیں ایڈ ز کنٹرول پروگرام سے منسلک کر کے ان کا علاج معالجہ شروع کر دیا گیا ہے۔ اسی طرح سکریننگ میں سامنے آنے والے ہیپا ٹائٹس کے مریضوں کا بھی فوی علاج معالجہ شروع کر دیا گیا ہے۔ انہوںنے کہا کہ سکریننگ مراحل کے بعد تمام ڈیٹا مرتب کیا جارہا ہے جس میں مختلف بیماریوں بارے صحیح اعدادوشمار سامنے آسکیں گے اور ا سکے بعد علاج معالجے میں بھی آسانی ہو گی ۔

متعلقہ عنوان :